بھارت کو اندازہ نہیں، ہماری میزائل ٹیکنالوجی جدید ترین ہے، دفاعی تجزیہ کار

پاکستان کے دفاعی تجزیہ کاروں نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان پر من گھڑت الزام تراشی بھارت کی پرانی روایت اور ہائبرڈ وار اسکرپٹ کا حصہ ہے تاہم انہیں اندازہ نہیں کہ ہماری میزائل ٹیکنالوجی جدید ترین ہے اور بھارتی سرزمین کا ایک ایک انچ ہمارے میزائلوں کی رینج میں ہے۔
دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیوں کی سوچ یہ ہے کہ ہم پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتے کیوں کہ ان کی فوج شہادت کے لیے لڑتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہندو بنیے پاکستان کے ساتھ نہیں لڑسکتے، ان کو اپنی اصلیت معلوم ہے، ان کو ان کے ملک میں کشمیری، سکھ اور منی پور کے عیسائی ماریں گے، ان کے ملک میں علیٰحدگی کی تحریکیں چل رہیں اور بنگلہ دیش کی طرف سے بھی ان کو مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین، روس، ایران دیگر اسلامی ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم کو بھارتی عزائم سے آگاہ کرنا چاہیے کہ بھارتی جارحیت سے نہ صرف پورا خطہ متاثر ہوگا بلکہ اس کے عالمی سطح پر بھی اثرات پڑیں گے۔
کیا بھارت ’اکھنڈ بھارت‘ کی شروعات کرنے کی گھناؤنی سازش کررہا ہے؟ اس سوال کے جواب میں حارث نواز نے کہا کہ بھارت یہاں غلطی پر ہے، اسے اندازہ نہیں کہ ہماری میزائل ٹیکنالوجی جدید ترین ہے، بھارتی سرزمین کا ایک ایک انچ ہمارے میزائلوں کی رینج میں ہے، اگر اس کے ذہن میں کوئی فتور، کوئی غلط فہمی ہے تو اسے نکال دے، اس وقت جہاں سے بھی یہ فالس فلیگ آپریشن کریں گے وہاں سے دھویں اور آگ کے بادل اڑتے ہوئے نظر آئیں گے، ہم انہیں گھس کے ماریں گے۔
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عالمی معاہدہ ہے، کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر نہ اس معاہدے کو معطل کرسکتا ہے اور نہ ہی اس سے دستبردار ہوسکتا ہے، اس حوالے سے عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ کو ویک اپ کال دی جائے گی اور نتائج سے بھی عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے گا۔