پاکستان

امارات کے نائب وزیراعظم دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق امارات کے نائب وزیراعظم کے اسلام آباد پہنچنے پر اسحاق ڈار اور دیگر اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

اپنے دو روزہ دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان وزیراعظم سمیت پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان کے دفتر خارجہ نے اتوار کو جاری بیان میں کہا تھا کہ امارات کے نائب وزیراعظم 20 سے 21 اپریل تک پاکستان کا سرکاری کا دورہ کریں گے۔

بیان کے مطابق اعلیٰ سطح کے وفد کا یہ دورہ پاکستان اور عرب امارات کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مضبوط تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔

امارات پاکستان کو ایک ارب ڈالر اضافی دے گا، موجودہ قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع
حالیہ برسوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملا ہے۔ چین اور امریکہ کے بعد متحدہ عرب امارات، پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

گزشتہ دو دہائیوں میں عرب امارات نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔
دورے کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی سلامتی اور لوگوں کے درمیان رابطوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی نائب وزیراعظم کے دورے سے فریقین کو باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔

نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا موقع ملے گا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

جواب دیں

Back to top button