جرم کہانی

شادی میں شریک جیب کتروں نے پکڑے جانے پر مہمانوں پر گولیاں چلادیں

کوٹ رادھا کشن بینکوئٹ ہال میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جیب کتروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شادی میں شریک 2 مہمان زخمی ہوگئے۔

کوٹ رادھا کشن پولیس نے بتایا کہ جیب کتروں کے ایک گروہ نے شادی کے مہمانوں کی جیبوں سے نقدی اور موبائل فون چوری کر لیے۔

دریں اثنا ایک خاتون نے ہنگامہ مچادیا، کیوں کہ اس کا پرس جس میں 3 لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون تھا، وہ بھی گم ہو گیا تھا، شادی کے مہمانوں نے 2 مشتبہ جیب کتروں کو پکڑ ا، ان کے پاس سے پرس برآمد کیا اور ان کی پٹائی شروع کر دی۔

جب مہمانوں نے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، تو مہمانوں کی آڑ میں وہاں موجود ملزمان کے ساتھیوں نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔

آخر کار، شادی کے شرکا مشتبہ افراد کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے، جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں مبشر اور وقاص طاہر زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

جواب دیں

Back to top button