دنیا

سعودی وزیردفاع کا دورہ ایران، آیت اللہ خامنہ ای کو شاہ سلمان کا پیغام پہنچایا

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی ہے، اور انہیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام پہنچایا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان جمعرات کو وفد کے ہمراہ ایران پہنچے، اور انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو پہنچایا تاہم پیغام کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے دوران ایرانی ایٹمی پروگرام پر مذاکرات کا دوسرا دور روم میں منعقد ہورہا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے ملاقات میں خامنہ ای کے حوالے سے کہا،’ ہمارا عقیدہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔’

سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈڑ نے ریاض کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تہران کی آمادگی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب نے برسوں کی کشیدگی کے بعد 2023 میں چین کی ثالثی میں طے پانے والے ایک معاہدے کے بعد سفارتی تعلقات بحال کیے تھے۔

سعودی عرب نے ہفتے کے روز سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے شائع ایک بیان میں امریکا کے ساتھ ایران کے جوہری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی تنازعات کے حل کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری نے تہران میں سعودی وزیر سے ملاقات کے بعد کہا کہ بیجنگ معاہدے کے بعد سے سعودی اور ایرانی مسلح افواج کے درمیان تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button