پاکستان

پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

بدھ کے روز علی الصبح پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق صبح چھ بج کر 13 منٹ پر آنے والے زلزلے کا مرکز صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار سے 18 کلو میٹر شمال میں تھا۔ زلزلے کی شدت تین اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 30 کلومیٹر تھی۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پانچ اعشاریہ پانچ کی شدت سے آنے والے زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلومیٹر نارتھ ویسٹ تھا۔

دوسری جانب بدھ کی صبح 4 بج 13 منٹ پر افغانستان کے صوبے نورستان میں 5.9 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبہ نورستان کا دارالحکومت پارون تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 89 کلومیٹر تھا۔

جواب دیں

Back to top button