اے ایس ایف میں بھرتی کے امتحانات میں جدید آلات سے نقل کرانے والا گینگ گرفتار

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے فورس میں بھرتی کے تحریری امتحانات میں جدید آلات کی مدد سے نقل کرانے والے گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ اے ایس ایف نے بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران نئی طرز کے منظم اور ہائی ٹیک چیٹنگ گینگ کو بے نقاب کردیا ہے، کارروائی کے دوران متعدد امیدواروں سے نقل میں استعمال کیے جانے والے جدید برقی آلات برآمد کرلیے۔
کارروائی کے دوران امیدواروں کو غیر قانونی امداد فراہم کرنے والے بڑے نیٹ ورک کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے امیدواروں کوغیر قانونی سہولتیں فراہم کرنے کے عوض 6 لاکھ سے 25 لاکھ روپے تک رقم وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
نیٹ ورک کے سرغنہ سے برآمد ہونے والے کُل 80 آلات میں اسمارٹ ڈیوائسز، سم کارڈز، مدر بورڈز اور دیگر سامان شامل ہیں، گرفتار ملزمان اور ملوث امیدواروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔