پاکستان

ژوب میں دھماکے سے فوج کے میجر سمیت دو اہلکار شہید

بلوچستان کے سرحدی ضلع ژوب میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے ایک افسر سمیت دو اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

ژوب ڈویژن کے ایک سینیئر اہلکار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے سمبازہ میں پیش آیا۔

اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں سرچ کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا اور دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے میجر سعد اور سپاہی ساجد شدید زخمی ہوگئے۔

سینیئر اہلکار نے بتایا کہ دونوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

اہلکار نے بتایا کہ دھماکے میں زندگی کی بازی ہارنے والے میجر کا تعلق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے تھا۔

ژوب بلوچستان کا افغانستان سے متصل سرحدی ضلع ہے۔ اس ضلع کی شمال مشرق میں سرحد خیبر پختونخوا کے سرحدی ضلع جنوبی وزیرستان سے لگتی ہے۔ اس ضلع کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔

اگرچہ منگل کو پیش آنے والے واقعے کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں ژوب اور اس سے متصل دیگر علاقوں میں سنگین بدامنی کے متعدد واقعات کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button