جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے کچھ علاقوں میں آج کرفیو نافذ ہے

جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے کچھ علاقوں میں آج کرفیو نافذ ہے، وانا سے انگور اڈہ اور وانا سے ٹانک جانے والی سڑکیں کھلی رہیں گی، ڈپٹی کمشنر نے عوام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔
ٹانک میں سیکیورٹی خدشات کے باعث آج بعض راستے مکمل طور پر بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر ٹانک نے بھی راستوں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ٹانک میں کوڑ قلعہ، منزئی، خرگئی، احمد وام اور جنڈولہ روڈ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مکمل بند رہیں گے، جب کہ جنوبی وزیرستان کے مسافروں کے لیے وانا براستہ گومل، گڑداوی ٹریفک کے لیے کھلا رہےگا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا کے اضلاع جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں دہشت گردی اور فورسز پر حملے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں متعدد اہلکار شہید ہوئے، تاہم فورسز کی جوابی کارروائیوں اور آپریشن کے نتیجے میں کئی خوارجی دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کیا گیا ہے، اس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ سامنے آیا.