وزیراعظم کا بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کامیابی کے ساتھ اپنا ایک سال مکمل کرچکی ہے۔ اس دوران اس نے بڑے بڑے معرکے سر کیے ہیں، ملک و قوم کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے میں کافی حد تک سرخرو رہی ہے، آسمان سے باتیں کرتی گرانی پر قابو پایا ہے، تاریخ کی بلند ترین مہنگائی سے غریبوں کو خاصی حد تک نجات دلائی ہے، پچھلے 7 برسوں کے دوران پہلی بار عوام کی حقیقی اشک شوئی اس کا بڑا کارنامہ ہے۔ بلند ترین شرح سود میں 10 فیصد کی بڑی کمی اسی کی پالیسیوں کی رہین منت ہے۔ معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کے ساتھ صنعتوں کے فروغ میں اس کی کاوشیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اس نے جب اقتدار سنبھالا تھا تو وہ ہرگز پھولوں نہیں بلکہ کانٹوں کی سیج تھا، جس سے عہدہ برآ ہونا چنداں آسان نہیں تھا، لیکن وزیراعظم شہباز شریف اور اُن کی ٹیم کی انتھک محنتیں بارآور ثابت ہوئی ہیں۔ حکومت کے بڑی سرمایہ کاریاں پاکستان لانے کے لیے اقدامات سب کے سامنے ہیں۔ چین، سعودی عرب، یو اے ای، قطر اور دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان میں اس حوالے سے سرمایہ کاریاں ہورہی ہیں، جو کچھ ہی سال میں ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کا باعث ثابت ہوں گی۔ وزیراعظم کی جانب سے تمام تر شعبوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں۔ ٹیکس آمدن میں بڑا اضافہ ہوا ہے اور مزید ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں، جن کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث بجلی کے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچے ہوئے ہیں۔ خطے میں سب سے مہنگی بجلی پاکستان کے عوام استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ غریبوں کو بجلی بل کی ماہانہ ادائیگی کے لیے اپنی آمدن کا بڑا حصّہ صَرف کرنا پڑتا ہے۔ موجودہ حکومت کو بجلی کی زائد قیمتوں کا بخوبی ادراک ہے۔ ماضی میں وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب حکومت اس حوالے سے بڑے ریلیف دے چکے ہیں۔ حکومت بجلی قیمتوں میں بڑی کمی لانے کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہے اور کافی عرصے سے اس کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ وزیر توانائی بھی ایک سے زائد بار بجلی قیمتوں میں بڑی کمی کے عندیے دے چکے ہیں۔ اس حوالے سے قومی خزانے پر بوجھ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کے لیے حکومت نے عملی اقدامات کیے، کئی آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کو ختم کرکے قومی خزانے کے اربوں روپے بچائے گئے۔ پچھلے کچھ عرصے سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی آرہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی پیش گوئی کی جارہی تھی۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے بجلی صارفین کے لیے بڑا ریلیف پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالی سے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اگلے 15 روز کے لیے پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔ وزرات خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اگلے 15 روز کے لیے پٹرول کی قیمت 255 روپے 63 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 168 روپے 12 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 153 روپے 34 پیسے رکھی گئی ہے۔ قبل ازیں وزیرِاعظم نے بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سابقہ سطح پر برقرار رکھتے ہوئے اس کا پورا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام، ان بہت سے دیگر اقدامات میں سے ایک ہے جو بجلی کے نرخوں میں بامعنی کمی کا باعث بنے گا۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور موثر حکمت عملی کے تحت پیکیج تیار کیا جارہا ہے، جس کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردّوبدل کے فرق سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش اور دیگر اقدامات سے بجلی کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا پیکیج تیار ہے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا۔ وزیراعظم ہائوس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے اگلے چند ہفتوں میں بجلی کے نرخوں میں کمی کی صورت میں ریلیف اور عوام کے لیے مزید آسانیاں فراہم کرنے کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ریلیف سے ناصرف بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی بلکہ اس کا اثر مجموعی طور پر مہنگائی پر پڑے گا اور اس میں مزید کمی واقع ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جلد ریلیف کے حوالے سے خطاب کر کے قوم کو خود آگاہ کریں گے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر اس کا فائدہ مہنگی بجلی کے ستائے غریبوں کو دینے کا حکومتی فیصلہ لائقِ تحسین ہے۔ اس سے غریب عوام کی بڑی اشک شوئی ممکن ہوسکے گی۔ بجلی قیمتوں میں بڑی کمی سے اُن کے دلدر دُور ہوسکیں گے۔ عوام کا درد اپنے دل میں محسوس کرنے والے حکمرانوں کا یہی وتیرہ ہوتا ہے۔ ضروری ہے کہ بجلی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے برابر لانے کے لیے مزید کاوشیں کی جائیں، اقدامات یقینی بنائے جائیں، بجلی کی پیداوار کے مہنگے ذرائع سے بتدریج جان چھڑائی جائے اور سستی بجلی کے حصول کے منصوبوں پر تمام تر توجہ مرکوز کرکے انہیں جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔ یقیناً درست سمت میں اُٹھائے گئے قدم مثبت نتائج کے حامل ثابت ہوں گے۔
سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 9خوارج ہلاک، 2جوان شہید
مادر وطن میں امن و امان کو برباد کرنے کے لیے فتنہ الخوارج پچھلے تین سال سے مذموم کارروائیوں میں لگے ہوئے ہیں، امن دشمن اپنی کارروائیوں میں کئی بے گناہوں کو نشانہ بناچکے ہیں، سیکیورٹی فورسز ان کے خاص نشانے پر رہتی ہیں، کبھی چیک پوسٹوں پر حملے، کبھی قافلوں پر تو کبھی اہم تنصیبات کو نشانہ بناتے، کبھی دراندازی کی کوشش کرتے ہیں، ان کی ہر مذموم کوشش کو ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز ہر بار ناکام بناڈالتی ہیں۔ پاکستان کو دُنیا کی بہترین اور پیشہ ور افواج کا ساتھ میسر ہے، جو محدود وسائل کے باوجود بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ان کا ہر افسر اور جوان ملک و قوم کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کرتا۔ فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے ملک کے مختلف حصّوں میں سیکیورٹی فورسز آپریشنز میں مصروف ہیں اور انہیں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ کافی سارے دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اُتارا اور گرفتار کیا جاچکا ہے، ان کی کمین گاہوں کو نیست و نابود کیا جاچکا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور وہ جلد ہی اس پر قابو پانے میں سرخرو ہوں گی۔ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں میں 9خوارج کو جہنم واصل کیا جبکہ 2جوان بھی شہید ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2مختلف کارروائیوں میں 9خوارج ہلاک ہلاک کردئیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیاں 14اور 15مارچ کو کی گئیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مہمند میں آپریشن کیا اور موثرانداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ آپریشن کے نتیجے میں7خوارج مارے گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہدا میں حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مڈی میں کارروائی کی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2خوارج ہلاک ہوگئے۔ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا، مارے گئے خوارج دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یقیناً 9دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا بڑی کامیابی ہے، 2 جوانوں کی شہادت پر پوری قوم اشکبار اور اُن کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ پاکستان پہلے بھی تنِ تنہا دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کرچکا ہے، اس بار بھی جلد اس حوالے سے کامیابی ملے گی۔ ملک دشمنوں اور ان کے غلاموں کے ہاتھ نامُرادی ہی آئے گی۔ اس بار بھی جلد دہشت گردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی جائے گی۔ ملک میں امن و امان کا دور دورہ ہوگا اور ملک و قوم ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہوں گے۔