پاکستان

جعفر ایکسپریس حملے میں 354 مسافر بازیاب، 26 ہلاک: ٹرین میں سوار 45 افراد کہاں گئے؟

پاکستانی فوج کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے 33 بلوچ شدت پسندوں کی ہلاکت اور آپریشن کی کامیابی کا اعلان تو کر دیا گیا ہے مگر بازیاب ہونے والے اور مبینہ طور پر لاپتہ مسافروں کی تعداد کے حوالے سے ابہام پایا جاتا ہے۔

جمعے کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور پاکستان کی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 354 مسافروں کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ اس حملے میں 18 فوجی اور ایف سی اہلکاروں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے دو روز قبل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا تھا کہ حملے کے دوران 21 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم آج انھوں نے کہا کہ کچھ مسافروں کو ٹرین سے دور بھی اس وقت گولیاں لگیں جب وہ وہاں سے بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ریسکیو کیے جانے والے اور ہلاک ہونے والے مسافروں کی تعداد کو دیکھا جائے تو مجموعی طور پر 380 کا ہندسہ سامنے آتا ہے، جبکہ دو روز قبل پاکستانی فوج کے ترجمان نے نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کو بتایا تھا کہ جعفر ایکسپریس میں 440 مسافر سوار تھے۔

تاہم وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کہتے ہیں کہ جعفر ایکسپریس میں سفر کے لیے 425 مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے تھے۔

ایسے میں یہ سوال اُٹھتا ہے کہ جعفر ایکسپریس میں سوار باقی 45 مسافر کہاں گئے؟

جواب دیں

Back to top button