بین الاقوامی پروپیگنڈا بمقابلہ گوادر کی حقیقت

تحریر : طارق خان ترین
مغربی میڈیا، بشمول بی بی سی اور سی این این، مسلسل گوادر اور چائنا۔ پاکستان اکنامک کاریڈور (CPEC)کو ناکام ظاہر کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کیخلاف ایک منظم مہم جاری ہے جس کا مقصد گوادر کی ترقی پر شکوک و شبہات پیدا کرنا اور عوام میں مایوسی پھیلانا ہے۔ تاہم، حقائق اس جھوٹے بیانیے کی نفی کرتے ہیں اور گوادر کی تیز تر ترقی کو ثابت کرتے ہیں۔ بین الاقوامی پروپیگنڈے کے برعکس، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (NGIA) اپنی پروازوں کے کامیاب آپریشن کے ساتھ نہ صرف فعال ہے بلکہ مستقل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ صحافی اقرار الحسن سمیت متعدد تحقیقاتی رپورٹس اس بات کی تصدیق کر چکی ہیں کہ گوادر میں ہوائی اور بحری نقل و حمل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ 20جنوری 2025سے 26فروری 2025تک 42پروازیں گوادر ایئرپورٹ سے آپریٹ ہوچکی ہیں، جو اس شہر کو کراچی اور مسقط سے جوڑ رہی ہیں۔ مغربی میڈیا کے الزامات کے برعکس، گوادر ایک عالمی تجارتی حب کے طور پر ابھر رہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں، کراچی اور مسقط کیلئے باقاعدہ پروازوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جو تجارتی و سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کا واضح ثبوت ہے۔ گوادر سے کراچی 14پروازوں کے ذریعے 542مسافروں نے سفر کیا۔ گوادر سے مسقط7پروازیں، 299مسافر۔
کراچی سے گوادر14پروازیں، 493مسافر۔ مسقط سے گوادر7پروازیں، 203مسافروں نے سفر کیا۔ اس طرح کل 42پروازوں کے ذریعے کل 1,537مسافروں نے گوادر ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کیا، جو شہر کی ترقی اور بڑھتی ہوئی اقتصادی سرگرمیوں کا مظہر ہے۔ مغربی میڈیا کی پرانی روش رہی ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک، خاص طور پر مسلم ممالک، کیخلاف منفی بیانیہ پروان چڑھاتا ہے۔ گوادر کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کا مقصد چین اور پاکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچانا اور CPECکی افادیت پر سوالیہ نشان کھڑا کرنا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ گوادر نہ صرف ترقی کر رہا ہے بلکہ پاکستان کی معیشت میں ایک نئے تجارتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ سی پیک پاکستان کا
معاشی انقلاب ہے، جو نہ صرف توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ گوادر کو عالمی منڈی سے جوڑنے میں بھی بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ سی پیک کے تحت گوادر میں صنعتی زون، بجلی کے منصوبے، اور جدید بندرگاہی سہولیات تیزی سے مکمل ہورہی ہیں، جو مستقبل قریب میں پاکستان کیلئے بے پناہ معاشی فوائد کا سبب بنیں گی۔ بین الاقوامی طاقتیں پاکستان کے اقتصادی استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ گوادر کی ترقی کو دہشتگردی، منفی بیانیے، اور جعلی خبروں کے ذریعے روکنے کی کوششیں جاری ہیں، مگر پاک فوج، مقامی حکومت، اور عوام کے مضبوط عزم کے باعث یہ تمام سازشیں ناکام ہورہی ہیں۔ گوادر کے شہری اب ترقی کا حصہ بن رہے ہیں، اور علاقے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ پاکستان آرمی ہمیشہ قومی ترقی کے منصوبوں کے تحفظ میں صف اول میں رہی ہے۔ دہشتگردوں اور علیحدگی پسند عناصر کیخلاف کامیاب کارروائیوں کے ذریعے پاک فوج نے گوادر اور بلوچستان میں امن کو یقینی بنایا ہے۔ سی پیک کے منصوبے اور گوادر کی ترقی ریاستی اداروں کی انتھک محنت کا ثبوت ہیں، جو پاکستان کے دشمنوں کو ایک واضح پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان ترقی کے راستے پر آگے بڑھ چکا ہے، اور کوئی بھی پروپیگنڈہ اس حقیقت کو بدل نہیں سکتا۔ گوادر کی ترقی مغربی میڈیا کے جھوٹے بیانیے کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ گوادر آج عالمی سرمایہ کاروں کیلئے ایک پرکشش مقام بن چکا ہے، اور مستقبل میں یہ خطے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گا۔ پاکستان آرمی، حکومت، اور عوام کی مشترکہ کاوشوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی دبائو اور منفی پروپیگنڈے کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ دنیا کو اب یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ گوادر ایک ناکام خواب نہیں، بلکہ ایک روشن حقیقت ہے۔