سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ججز سے حلف لیا، پہلی بار تقریب حلف برداری سپریم کورٹ کے سبزہ زار میں منعقد کی گئی۔
سپریم کورٹ میں 6 نئے مستقل ججز اور ایک ایکٹنگ جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے 6 مستقل ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس ہاشم کاکڑ شامل ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور قائم مقام جج سپریم کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے ایکٹنگ جج کے عہدے کا حلف لیا۔
سپریم کورٹ میں پہلی بار تقریب حلف برداری عدالتی احاطے کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، جس میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان، اٹارنی جنرل، ججز کے اہلخانہ، پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کونسل کے عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹس صاحبان نے بھی حلف اٹھالیا
دریں اثنا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف اٹھالیا۔