شمالی وزیرستان میں حکومت کا حامی کمانڈر اور 2 ساتھی جاں بحق

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی کے قریب ایک متحارب گروپ کے حملے میں حکومت کے حامی ایک کمانڈر اور ان کے 2 ساتھی جاں بحق اور کم از کم 10 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً 30 مسلح افراد نے میرعلی کے قریب گرباز کے علاقے میں مقامی امن کمیٹی کے سربراہ ملک قادر زمان کے مرکز پر دھاوا بول دیا، ہلاک ہونے والوں میں قادر زمان گروپ کی ایک اہم شخصیت کمانڈر فتح بھی شامل ہیں، جو مالی اور دیگر امور کے ذمہ دار تھے۔
ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم سو رہے تھے، جب بھاری فائرنگ اور دھماکوں سے ان کی آنکھ کھلی، پہلے ہم نے سوچا کہ یہ سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم ہے، فائرنگ کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بنوں کے ہسپتال منتقل کردیا گیا، قادر زمان کی حالت کے حوالے سے متضاد رپورٹس سامنے آئی ہیں۔