ای سی سی کا چینی، سبزیوں اور خوردنی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار

مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کے باوجود وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ آیا مہنگائی میں کمی سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا یا نہیں، کمیٹی نے بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں چینی، سبزیوں اور خوردنی تیل جیسی اہم اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی ایل) کو کے الیکٹرک کے واجبات پر کمپاؤنڈ مارک اپ کی بڑی رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کے الیکٹرک اور سرکاری اداروں کے واجبات کی ثالثی کے ذریعے ادائیگی کی ڈیڈ لائن میں توسیع کردی گئی۔
اجلاس میں ایکسپورٹ فنانس اسکیم میں تبدیلیوں کی منظوری دی گئی تاکہ برآمد کنندگان کی جانب سے ٹیکس چوری کی روک تھام کی جاسکے۔
ای سی سی نے مثبت رجحانات اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں چینی، سبزیوں اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
کمیٹی نے وزارت صنعت اور قومی تحفظ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) کے ساتھ تعاون کریں اور گندم، چینی اور دالوں کے اسٹریٹجک ذخائر کی بحالی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو بہتر بنانے کے اقدامات کے ساتھ دو ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کریں۔
ای سی سی نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ قیمتیں قابو میں رکھنے کے طریقہ کار پر سختی سے عمل درآمد کریں، کارٹیلائزیشن کو روکیں اور غیر ضروری منافع خوری کی روک تھام کریں تاکہ صارفین کو قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافے سے بچایا جاسکے۔