شمالی وزیرستان: آپریشن میں 6خوارج ہلاک، میجر و جوان شہید

آپریشنز ضرب عضب اور ردُالفساد کے ذریعے پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کر ڈالا تھا۔ اس کے بعد ملک میں 7 سال تک امن و امان کی صورت حال رہی۔ گزشتہ برسوں امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہوا تو اس کے بعد سے دہشت گردوں نے پھر سے اپنے پر پھیلانے کی مذموم کوششوں کا آغاز کیا۔ پاکستان میں پچھلے تین سال سے فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنارہے ہیں۔ کبھی چیک پوسٹوں پر حملے کرتے ہیں تو کبھی قافلوں کو نشانہ بناتے ہیں، کبھی ہم تنصیبات پر دھاوا بولنے کی کوشش کرتے ہیں تو کبھی پڑوسی ملک کی سرحد سے دراندازی کے مذموم ہتھکنڈے آزماتے ہیں۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز ان کے تمام مذموم حربوں کو ناکام بناتی اور انہیں منہ توڑ جواب دیتی ہیں۔ پاکستان فتنۃ الخوارج کے سر اُٹھاتے چیلنج سے نمٹنے کی کوششوں میں ہے۔ ملک کے مختلف حصّوں میں آپریشنز ہورہے ہیں، جن میں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ بہت سے علاقوں کو ان کے ناپاک وجود سے پاک کیا جا چکا ہے۔ متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے، گرفتار کیا گیا ہے، ان کے ٹھکانوں کو نیست و نابود کردیا گیا ہے۔ پاکستان پہلے بھی تن تنہا دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹ چکا ہے، اس بار بھی اس ناسور کا قلع قمع یقینی ہے۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز ان کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران 6خوارج کو ہلاک کیا گیا ہے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت دو جوان شہید ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میںآپریشن کرکے 6خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 2 جوان بھی شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ شہدا میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم شامل ہیں، 29 سالہ میجر حمزہ اسرار کا تعلق راولپنڈی اور 26 سالہ سپاہی محمد نعیم کا تعلق نصیرآباد سے تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے علاقے میں آپریشن کلیئرنس جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دریں اثناء میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیر دفاع، وزیر اطلاعات سمیت سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، جوانوں، شہید کے لواحقین بھی نماز جنارہ میں شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد شہید میجر حمزہ اسرار کا جسد خاکی آبائی گائوں پہنچایا گیا اور شہید میجر کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 6خوارج کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے متحرک ہیں۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایسی عظیم قربانیاں قومی عزم کو مضبوط اور آنے والی نسلوں کیلئے پُرامن اور محفوظ پاکستان کے اجتماعی یقین کو تقویت دیتی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا ایکشن پوری قوم کے پختہ عزم اور ارادوں کا آئینہ دار ہے۔سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں 6خوارج کی ہلاکت بڑی کامیابی ہے۔ اس کارروائی میں میجر سمیت 2جوانوں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے۔ ان قابلِ فخر سپوتوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ قوم انہیں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کی قربانی ناقابل فراموش ہے۔ پوری قوم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وطن عزیز کی خوش قسمتی ہے کہ اسے ایسے بہادر سپوت بہت بڑی تعداد میں میسر ہیں، جو وطن کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت چوکس و تیار رہتے ہیں اور دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز فتنۃ الخوارج کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہونے کے ساتھ مصروفِ عمل ہیں۔ ان شاء اللہ قوم کو اس حوالے سے جلد خوش خبری سننے کو ملے گی۔ اس فتنے کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکا جائے گا۔ امن و امان کی صورت حال مزید بہتر رُخ اختیار کرے گی۔ پاکستان ترقی و خوش حالی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔ ملک و قوم کے حالات کچھ ہی سال میں سنور جائیں گے۔
آذربائیجان کا پاکستان میں
سرمایہ کاری کیلئے اظہار دلچسپی
پاکستان میں دوست ممالک کے ساتھ بڑی سرمایہ کاریوں کے حوالے سے
معاہدات طے پائے ہیں، اس ضمن میں سرمایہ کاریوں کے سلسلے کا آغاز بھی ہوچکا ہے، اس سے ناصرف ملک میں انفرا اسٹرکچر کی صورت حال بہتر ہوگی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ کوئی بے روزگار نہیں رہے گا۔ بدحالی کا خاتمہ ہوگا اور وطن عزیز تیزی سے ترقی و خوش حالی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔ یہ سب موجودہ حکومت خصوصاً وزیراعظم میاں شہباز شریف کی شبانہ روز محنتوں کا ثمر ہے، جنہوں نے منصب سنبھالتی ہی دوست ممالک کے دورے کیے اور انہیں پاکستان کے اندر سرمایہ کاری پر راضی کیا۔ چین، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، کویت اور دیگر ملکوں کی جانب سے یہاں سرمایہ کاریاں متوقع ہیں۔ آذربائیجان کے ساتھ بھی پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ مضبوط ہورہے ہیں۔ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان گزرے وقتوں میں تجارت اور دیگر حوالے سے معاہدات طے پائے اور معاملات آگے بڑھے۔ اب آذر بائیجان پاکستان میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ باکو، آذربائیجان میں وزیر ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف سے ملاقات ہوئی، جہاں اجلاس میں دونوں اطراف سے اعلیٰ سطح کے وفود کے ہمراہ فیصلہ ہوا کہ آذربائیجان پاکستان میں بالخصوص موٹرویز ایم 6اور ایم 9سکھر، حیدرآباد، کراچی میں سرمایہ کاری کے لیے فزیبلٹی اور دیگر امور کے جائزے کے لیے اپنا وفد فروری میں بھیجے گا۔ مزید برآں پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین شاہراہوں کی تعمیر کے لیے بزنس ٹو بزنس اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اشتراک کے آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے وزیر ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف سے اجلاس میں گفتگو میں کہا کہ پاکستان سے وسط ایشیائی ریاستوں تک ذرائع آمدورفت کو بہتر بنانا اشد ضروری ہے اور اس ضمن میں دونوں ممالک نمایاں پیش رفت کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لاجسٹکس کی بہتری کے لیے مواصلات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون میں خاطرخواہ گنجائش ہے۔ آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اظہار دلچسپی خوش کُن امر ہے۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان میں بیرون ممالک سے سرمایہ کاری کا دائرہ کار بڑھ رہا ہے اور یہ اگلے وقتوں میں ملک و قوم کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا۔ یہ امر اس بات کا بھی مظہر ہے کہ پاکستان پر دُنیا کا اعتماد و اعتبار بحال ہوا ہے، دوسرے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ پاکستان نے ترقی و خوش حالی کی شاہراہ پر قدم رکھ دیا ہے، جلد ہی تمام مصائب اور دلدر دُور ہوجائیں گے۔