سائبر کرائم گروپ کا مرکزی لیڈر صائم رضا کون ہے؟

صائم رضا پاکستان میں قائم سائبر کرائم گروپ کا مرکزی لیڈر ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے جعل سازی اور اسپام آپریشنز میں ملوث ہے، مختلف برانڈ ناموں کے تحت بشمول فودٹولز، فورڈیج، فوڈسنڈر، اور فوڈکو، اس نے سائبر سیکیورٹی کا پتا لگانے سے بچنے کے لیے ڈیزائن کردہ ٹولز فروخت کرنے میں مہارت حاصل کی۔
لفظ ’ایف یو ڈی‘ کا مطلب ہے مکمل طور پر ناقابل شناخت، اور اس سے مراد سائبر کرائم کے وسائل ہیں، جو اینٹی وائرس سافٹ ویئر یا اینٹی اسپام آلات جیسے سیکیورٹی ٹولز کے ذریعے پتا لگانے سے بچ جائیں گے۔
اصلاحات کے پچھلے دعوؤں کے باوجود دھوکا دہی میں ملوث افراد نے غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں جس کی قانونی جانچ پڑتال کی گئی، جنوری 2024 میں صائم رضا نے صحافی برائن کریبز سے رابطہ کیا اور اپنے آپریشنز سے متعلق ماضی کی رپورٹس کو ہٹانے کی درخواست کی۔
صائم نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ’سب کچھ چھوڑ دیا ہے‘ اور انکشاف کیا کہ پاکستانی حکام نے ان کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی تھی، اپنے پیغام میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بنیادی طور پر رشوت مانگ رہے ہیں۔
صائم رضا نے بعد میں پاکستان چھوڑنے کا دعویٰ کیا، حالانکہ اس بیان کی ساکھ غیر یقینی ہے۔