سخت سیکیورٹی میں 61 گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ کرم پہنچ گیا

حکام نے تصدیق کی ہے کہ امدادی سامان لے کر 61 گاڑیوں کا قافلہ بدھ کے روز سخت سیکیورٹی میں کرم پہنچ گیا۔
آٹے، ادویات اور سبزیوں سے لدے ٹرکوں کے قافلے کو پولیس، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کی حفاظت میں لے جایا گیا، یہ قافلہ بگن کے راستے شورش زدہ ضلع کرم کے علی زئی علاقے میں پہنچا، جہاں 16 جنوری کو اسی طرح کے ایک قافلے پر حملہ ہوا تھا، جس میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 8 ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوئے تھے۔
قافلہ دوپہر ایک بجے پاراچنار کے لیے روانہ ہوا تھا، سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے لیے ذمہ دار کسی بھی شخص سے نمٹا جائے گا۔
دریں اثنا، خیبر پختونخوا حکومت نے کرم میں متحارب دھڑوں کے درمیان 31 دسمبر، 2024 کے امن معاہدے پر دستخط کرنے والوں پر مشتمل جرگہ بلانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، اس کا مقصد انہیں ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کی ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرانا ہے۔