سیف کی جان بچانے والے رکشہ ڈرائیور سے ملاقات کی تصاویر وائرل، کیا بڑی پیشکش کی؟

بالی وڈ اسٹار سیف علی خان نے چاقو حملے کے بعد اسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کرلی۔
16 جنوری کو رات 3 بجے کے قریب سیف علی خان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔
سیف علی خان کو زخمی ہونے کے بعد گھر کی گاڑی کے بجائے رکشہ میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا تھا اور گزشتہ روز بالی وڈ اداکار کو گھر منتقل کردیا گیا۔
اب سیف علی خان نے جان بچانے میں مدد کرنے والے رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کی ہے اور یہ ملاقات گزشتہ روز اسپتال میں ہی ہوئی ہے
رپورٹس کے مطابق سیف علی خان اور ان کی والدہ سمیت دیگر بھی ملاقات میں شریک تھے اور انہوں نے رکشہ ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا۔
سیف علی خان نے رکشہ ڈرائیور کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ملاقات کے حوالے سے رکشہ ڈرائیو کا کہنا تھاکہ ایمرجنسی گیٹ سے ماسک پہنا کر سیف علی خان کے کمرے میں لے جایا گیا تھا اور وہاں سیف نے اپنے برابر میں بٹھایا اور خاندان کے تمام لوگوں نے شاباش دی اور شکریہ ادا کیا۔
پیسوں کے حوالے سے رکشہ ڈرائیور کا کہنا تھاکہ سیف نے مذاق میں کہا کہ اس دن پیسے نہیں دے پایا تھا آپ کے پیسے آپ کو مل جائیں گے اور زندگی میں کبھی بھی ضرورت پڑے تو گھر کے دروازے کھلے ہیں۔
خیال رہے کہ سیف علی خان پر چاقو حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے گھر کے اطراف میں سکیورٹی بھی بڑھادی گئی ہے۔