ایوی ایشن ڈویژن کو وزارت دفاع, نارکوٹکس ڈویژن کو وزارت داخلہ میں ضم کرنے کی منظوری

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ایوی ایشن ڈویژن کو وزارت دفاع جبکہ نارکوٹکس ڈویژن کو وزارت داخلہ میں ضم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کا بینہ کے اجلاس میں قومی اقلیت کمیشن ایکٹ 2024 مؤخر کردیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے ایوی ایشن ڈویژن کو وزارت دفاع اور نارکوٹکس ڈویژن کووزارت داخلہ میں ضم کرنے کی منظوری دے دی، وفاقی کابینہ نے سی سی ایل سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں بجلی پیدا کرنے والی سرکاری کمپنیوں کی جانب سے کیپیسٹی پیمنٹ کی وصولی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری جنکوز (بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں) کا کیا کام ہے کہ وہ کیپیسٹی پیمنٹ لیں، وہ سرکار کے منصوبے ہیں، ڈالر میں ادائیگیاں بڑا مسئلہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزارت توانائی کی ٹاسک فورس بڑی تیزی کے ساتھ کام کررہی ہے، جس نے بڑی محنت سے 3 ہزار میگاواٹ کے اہداف حاصل کیے ہیں، بڑی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے، اس حوالے سے ہمیں مکمل طور پر یکسو ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری جنکوز (بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں) کا کیا کام ہے کہ وہ کیپیسٹی پیمنٹ لیں، وہ سرکار کے منصوبے ہیں، ڈالر میں کیپیسٹی پیمنٹ کی ادائیگی ایک بڑا مسئلہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چند پہلے اسلام آباد میں اسلامی معاشرے میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے شاندار کانفرنس ہوئی تھی، جس میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے بہت اچھے مقالے پڑھے گئے، ملک میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے مختلف مسائل کا سامنا ہے۔