Editorial

فتنۃ الخوارج کا خاتمہ نزدیک ہے

پاکستان اس وقت مصائب و مشکلات سے اُبھر رہا ہے۔ دشمنان وطن اسے مسائل کی دلدل میں دھنسائے رکھنا چاہتے ہیں، اس لیے وہ مختلف ہتھکنڈوں اور حربوں سے ملک و قوم مخالف سرگرمیوں میں لگے ہوئے ہیں۔ اس کے لیے انہیں پاکستان کے اندر اور باہر اپنے زرخرید غلاموں کی بڑی تعداد میسر ہے، جو پیسوں کے لیے مادرِ وطن تک کا سودا اور اس کا امن و امان غارت کردینے کے درپے رہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ملک و اہم اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کرنا ان کا وتیرہ ہے۔ فتنۃ الخوارج بھی دشمنوں کا زرخرید ہے، جس کا کام ملک کی اُبھرتی معیشت کے خلاف اقدامات اور امن و امان کو برباد کرنا ہے۔ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی مذموم کارروائیاں سنگین چیلنج کی حیثیت رکھتی ہیں، یہ مسلسل سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنارہے ہیں، اہم تنصیبات پر حملہ آور ہورہے ہیں، قافلوں پر دھاوا بول رہے ہیں، ان تخریبی واقعات میں کئی جوان و افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ عام شہریوں کو بھی نقصان پہنچانے کی مذموم سرگرمیاں ان کی جانب سے شروع کردی گئی ہیں، پچھلے دنوں 17سویلین ورکرز کو ان کی جانب سے بھتے کے لیے اغوا کیا گیا تھا، 8 ورکرز کو فوری بازیاب کرالیا گیا تھا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پہلے بھی تن تنہا پندرہ سال تک جاری رہنے والی دہشت گردی کو قابو کرچکی ہیں۔ اس مرتبہ بھی وہ دہشت گردوں کے مکمل قلع قمع کے لیے پُرعزم ہیں اور اُن کی جانب سے متواتر آپریشنز جاری ہیں، روزانہ ہی ڈھیروں کارروائیاں ہورہی ہیں، جن میں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں، بہت سے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔ بہت سے گرفتار کیے گئے ہیں جب کہ ان کے ٹھکانوں کو نیست و نابود کرتے ہوئے کئی سارے علاقوں کو ان کے وجود سے پاک کیا جاچکا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز تندہی اور جانفشانی سے مصروفِ عمل ہیں اور جلد اس حوالے سے قوم کو خوش خبری سننے کو ملے گی۔ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان میں ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 9خارجی دہشت گردوں کو اُن کے منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 9خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ترجمان افواج پاکستان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، پہلی کارروائی میں 6دہشت گرد مارے گئے جب کہ دوسلی میں ہونے والی کارروائی میں مزید 2 خارجیوں کو ہلاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایشام میں دوسری کارروائی کے
دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، کارروائی میں 3خارجی دہشت گرد ہلاک، 2زخمی ہوگئے۔ ترجمان افواج پاکستان کا کہنا تھا کہ خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے وافر اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے جب کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے ساتھ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔ ترجمان افواج پاکستان کا کہنا تھا کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرِستان میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دو مختلف کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 9دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے متعلقہ افسروں و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی سلامتی کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ان کارروائیوں پر بہادر سیکیورٹی فورسز کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ سیکیورٹی فورسز پر پوری قوم کو فخر ہے، اُن کا ہر افسر اور اہلکار ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔ ملک کی خوش قسمتی ہے کہ اسے ایسے بہادر سپوت بہت ہی بڑی تعداد میں میسر ہیں، جو اپنے وطن پر مرمٹنے کے جذبے سے ہمہ وقت سرشار رہتے ہیں۔ پاکستان کے عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اُنہیں یقین ہے کہ دہشت گردی کے سر اُٹھاتے عفریت کو ہماری بہادر افواج کچل ڈالیں گی۔ پاکستان پہلے بھی تن تنہا دہشت گردوں کو شکستِ فاش دے چکا ہے۔ اس بار بھی اس کے لیے ایسا کرنا چنداں مشکل نہیں ہوگا۔ سیکیورٹی فورسز پوری جانفشانی سے ملک کو ان دشمنوں سے پاک کرنے کے مشن پر گامزن ہیں، فتنۃ الخوارج کا خاتمہ نزدیک ہے، جلد ہی سیکیورٹی فورسز کو فیصلہ کن کامیابی ملے گی اور پاکستان تیزی سے ترقی و خوش حالی کی منازل طے کرے گا۔
مفت سولر پینل اسکیم
میں تیزی لانے کا فیصلہ
ملک میں بجلی کی قیمتیں خاصی زیادہ ہیں۔ خطے کے دوسرے ملکوں میں بجلی نسبتاً خاصی سستی ہے۔ وہاں کے عوام کو اس سہولت کے بدلے اپنی آمدن کا معمولی حصّہ صَرف کرنا پڑتا ہے جب کہ وطن عزیز میں غریبوں کی پوری آمدن بجلی بلوں کی ادائیگی کی نذر ہوجاتی ہے۔ وفاقی حکومت کو بجلی کی ہوش رُبا قیمتوں کا بخوبی ادراک ہے اور وہ اس میں کمی لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات میں مصروف ہے، ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ سورج بجلی کے حصول کا انتہائی سستا ذریعہ ہے۔ ملک کے مختلف صوبوں میں سولر سسٹم شہریوں کو مفت دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ پنجاب میں یہ اسکیم سب سے پہلے متعارف کرائی گئی۔ سولر سسٹم میسر آجانے سے بہت سے غریبوں کی بجلی کے مہنگے بلوں سے جان چھوٹے گی اور وہ ٹھیک سے اپنے بال بچوں کا پیٹ پال سکیں گے۔ یہ خالص عوامی مفاد کا منصوبہ ہے، جس کی کامیابی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تندہی سے سرگرم عمل ہیں۔ اُنہوں نے سال سے بھی کم عرصے میں صوبے میں کارہائے نمایاں سرانجام دئیے ہیں۔ اُن کے اقدامات کی مخالفین بھی توصیف کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ مریم نواز صوبے اور اُس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہیں۔ ان کی کاوشوں کو عوام میں خصوصی پذیرائی مل رہی ہے۔ اب اُن کی جانب سے مفت سولر پینل تقسیم کی اسکیم میں مزید تیزی لانے کا احسن فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زراعت، شمسی توانائی اور صنعتی انقلاب کے لیے بڑے فیصلے کرتے ہوئے 28فروری تک 10ہزار ٹریکٹرز، مارچ تک مزید 2ہزار سپر سیڈرز رعایتی قیمت پر کسانوں کو دینے کی ہدایت کردی جب کہ شہریوں کو مفت شمسی توانائی دینے کی اسکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے لیے 6ارب کے اضافی فنڈز دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے زیر صدارت زراعت، توانائی، صنعت کی وزارتوں اور ذیلی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ نے پنجاب کے شہریوں کو مفت شمسی توانائی دینے کی اسکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کیا، اس کے علاوہ سرکاری عمارتوں کی شمسی توانائی پر منتقلی اور تجدید توانائی کے منصوبے کو جون تک مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مفت سولر پینل اسکیم میں تیزی اور فنڈز بڑھانے کا فیصلہ لائقِ تقلید ہے، اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ دوسرے صوبوں کی حکومتوں کو بھی پنجاب کی تقلید کرنے کی ضرورت ہے۔ غریب عوام پر سے بجلی بلوں کا بھاری بوجھ اُتارنے میں یہ اسکیم ممد و معاون ثابت ہوگی۔ بس اس کے لیے اس اسکیم کو ہر صورت کامیاب بنانے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

Back to top button