اوگرا کا ملاوٹ شدہ ایل پی جی کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن، قیمت میں 20 روپے کلو کمی
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک میں وافر ذخیرہ کی موجودگی کے باوجود ملاوٹ شدہ مائع پیٹرولیم گیس کی فروخت کے خلاف بڑا آپریشن شروع کرتے ہوئے متعدد ایل پی جی کمپنیوں سے نقصان دہ کیمیکلز کی موجودگی کا سراغ لگانے کے لیے نمونے اکٹھے کیے ہیں۔
یہ کریک ڈاؤن غیر معیاری سلنڈرز میں ملاوٹ شدہ ایل پی جی فروخت ہونے کی شکایات کے بعد سامنے آیا ہے جس کے بعد اوگرا نے پنجاب اور سندھ بھر میں کارروائیوں کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی ہیں۔
اس اقدام کے نتیجے میں ایل پی جی کی ریٹیل قیمتوں میں تقریبا 20 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے جس سے موسم سرما کے دوران صارفین کو کچھ سہولت ملی ہے۔
ایل پی جی کی اعلانیہ خوردہ قیمت 255 روپے فی کلو ہے تاہم موسمی طلب میں اضافے کے باعث اوپن مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ کر 320 روپے کلو ہوگئی ہیں۔
ملک میں ایل پی جی کی یومیہ کھپت تقریباً 7 ہزار ٹن ہے تاہم، ایران کے ساتھ ہموار بارٹر تجارت اور ترکمانستان سے مستقل درآمدات نے مناسب اسٹاک کو یقینی بنایا ہے، جس سے اوگرا کو ایل پی جی کمپنیوں میں معیار کی جانچ پڑتال کرنے میں مدد ملی ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کریک ڈاؤن کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملاوٹ شدہ ایل پی جی سے پیدا ہونے والے حفاظتی خطرات پر روشنی ڈالی۔