کابینہ نے سعودی عرب کو ریکوڈک شیئرز فروخت کرنے کی منظوری نہیں دی، مصدق ملک

وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد شیئرز سعودی عرب کو فروخت کرنے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے سعودی عرب کو ریکوڈک شیئرز فروخت کرنے کی منظوری نہیں دی، اس حوالے سے معاملات ابھی تک طے نہیں پائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، مثبت انداز سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ گیس کی قیمتوں کے حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) کے فیصلے پرکام کر رہے ہیں، قیمتوں سے متعلق پہلے وزیر اعظم کو بریف کیا جائے گا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں سے متعلق ابھی تک سمری نہیں بھجوائی، میں نے کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کے خلاف مہم چلائی، کیپٹو والے گیس سے 13 روپےکی بجلی بناتے ہیں، باقی نیشنل گرڈ سے 40 روپے میں خریدتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کے اس معاملے پر وزیر اعظم کو بھی آگاہ کیا، کویت پٹرولیم کی جانب سے پاکستان چھوڑنے کی خبریں غلط ہیں، کمپنی ملک سے کہیں نہیں جارہی اور اس نے آپریشنز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کویت پٹرولیم نے صرف 17 فیصد ڈپلیشن والے اثاثے آف لوڈ کیے ہیں۔