دہشتگردی کیخلاف حکومت اور فوج کا عزم
پاکستان کو بہادر افواج کا ساتھ میسر ہے۔ ہماری برّی، فضائی اور بحری افواج کا شمار دُنیا کی بہترین فوجوں میں ہوتا ہے۔ انتہائی کم وسائل کے باوجود یہ بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ دُنیا ان کی صلاحیتوں کو رشک کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دشمن نے جب بھی وطن عزیز کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو ہماری افواج نے اُس کو کرارا جواب دیتے ہوئے دُم دبا کر بھاگنے پر مجبور کیا ہے۔ پاک بحریہ کا کردار ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔ سمندری حدود کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اس کی جانب سے بھرپور اقدامات کیے جاتے ہیں۔ سمندری وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پاک بحریہ پیش پیش رہتی ہے۔ دوسری جانب دیکھا جائے تو پاکستان میں دہشت گردی کا عفریت پچھلے تین سال سے پھر سے سر اُٹھانے کی کوششوں میں ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل سیکیورٹی فورسز کے قافلوں، چیک پوسٹوں، اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سرحد پار سے دہشت گرد حملے کیے جاتے ہیں۔ ان مذموم کارروائیوں میں کئی جوان و افسران سمیت عام شہری جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پُرعزم اور تندہی سے مصروفِ عمل ہیں۔ روزانہ ہی ان کے خلاف ڈھیروں آپریشنز ہورہے ہیں، جن میں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ فتنۃ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کو مارا اور گرفتار کیا جاچکا ہے، بہت سے علاقوں کو دہشت گردوں سے کلیئر کرایا جاچکا ہے۔ پاکستان جلد ہی دہشت گردوں کا مکمل قلع قمع کرنے میں کامیاب ہوگا۔ وطن عزیز پہلے بھی تن تنہا دہشت گردی کے جن کو قابو کرچکا ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف اس کے کردار کو دُنیا بھر میں سراہا بھی گیا تھا۔ دہشت گردوں کے خلاف حکومت اور افواج پُرعزم ہیں۔ اسی حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار خیال کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت اور افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، جب تک اس ناسور کا خاتمہ نہیں ہوتا چَین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاک فوج کے افسر و جوان ہر روز جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ سعودی عرب نے ایک سال کے لیے تین ارب ڈالر کے قرض میں توسیع کردی ہے۔ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی تقریب کی کارروائی اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے بھاری قیمت ادا کررہا ہے۔ حکومت اور افواج دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ پاک بحریہ ہر طرح کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک بحریہ کے بہادر افسر اور جوان سمندری حدود کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔ پاک بحریہ سمندری وسائل سے استفادے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ جب تک اس ناسور کا خاتمہ نہیں ہوتا ہم چَین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا 2018ء میں ہم اس ناسور کا خاتمہ کرچکے تھے۔ اس جنگ میں ہم نے 30ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا۔ بدقسمتی سے اس ناسور نے ایک بار پھر سر اٹھالیا۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہماری پاک فوج کے جوان اور افسر ہر روز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بلیو اکانومی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ بلیو اکانومی سے پاکستان کی ترقی اور خوش حالی بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا، دوست ملک چین بحری شعبے میں بھرپور تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ملک میں فول پروف سیکیورٹی چاہتے ہیں تاکہ صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔ امن و امان یقینی بنانے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان شپنگ کارپوریشن کا آج جو حال ہے ہمیں اس کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ وسائل کے باوجود ہم قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سامان کی نقل و حمل کے لیے بارہ بحری جہاز ہیں۔ انہوں نے کہا، کراچی پورٹ ٹرسٹ کا کام رئیل اسٹیٹ نہیں کاروبار کی سہولت دینا ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کو جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر لوڈنگ اور اَن لوڈنگ پر توجہ دینا ہوگی۔ دوسری طرف وزیراعظم نے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے 53ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر) نے جرأت و بہادری کی تاریخ رقم کی، قوم اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی مادر وطن کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ میجر شبیر شریف شہید کی فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کی مثال رہتی دنیا تک آئندہ نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ وزیراعظم کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ نزدیک ہے۔ وطن عزیز کو انتہائی بڑی تعداد میں بہادر سپوتوں کی خدمات میسر ہیں، جو وطن پر مر مٹنے کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں۔ پاک افواج کے غازیوں اور شہدا کو قوم قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور وہ ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر) قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، گزشتہ روز ان کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وطن عزیز دہشت گردوں اور ظاہر و پوشیدہ دشمنوں کے تمام عزائم خاک میں ملائے گا اور ان شاء اللہ تیزی سے ترقی اور خوش حالی کی منازل طے کرے گا۔
پنجاب: فری سولر پینل اسکیم، احسن اقدام
وطن عزیز میں پچھلے چند سال کے دوران بجلی کی قیمتوں میں ہوش رُبا حد تک اضافے دیکھنے میں آئے ہیں۔ ہر مہینے ہی قوم پر برق گرانے کے سلسلے رہے ہیں۔ دو دو کمرے کے گھروں کے ماہانہ بل آمدن سے زائد موصول ہونے کی ڈھیروں نظیریں موجود ہیں۔ ایشیا کے متعدد ممالک میں بجلی یہاں کی نسبت خاصی سستی ہے۔ خطے میں سب سے مہنگی بجلی استعمال کرنے والے پاکستانی صارفین اس حوالے سے شکوہ کناں بھی رہتے ہیں، لیکن صحیح معنوں میں اُن کی حقیقی اشک شوئی اب تک نہیں ہوسکی ہے۔ بجلی کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کی وجہ کچھ بھی ہو، لیکن غریب عوام کو اس ضمن میں ریلیف فراہم کرنا ناگزیر معلوم ہوتا ہے۔ پنجاب میں مریم نواز کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالے 9 ماہ ہی ہوئے ہیں، اُنہوں نے صوبے اور اُس کے عوام کی بہتری کے لیے کافی سارے اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہیں۔ صوبائی حکومت کی سربراہ کی حیثیت سے اُن کا کردار ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔ بدترین مخالفین بھی اُن کی توصیف کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اُنہی کی کاوشوں کے طفیل پچھلے مہینوں صوبے کے عوام کو بجلی بلوں کی مد میں عظیم ریلیف بھی دیا گیا تھا۔ اب ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے بجلی صارفین کو فری سولر پینل دینے کی اسکیم بھی متعارف کرادی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کے لیے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم متعارف کرادی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ پنجاب کے صارفین آج سے ہی ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل پر گھر بیٹھے اپلائی کرسکتے ہیں۔ مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فری سولر پینل اسکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف ہے۔ فی یونٹ 14 روپے سبسڈی سے پنجاب کے 73لاکھ صارفین مستفید ہوئے۔ عوام کے وسائل عوام کی سہولت اور ریلیف کے لیے ہی خرچ ہوں گے۔ سیکریٹری انرجی نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے۔ صوبے میں ماہانہ 200یونٹ تک بجلی صَرف کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا۔ 100یونٹ ماہانہ صَرف کرنے والے صارفین کو 550واٹ کا مفت سولر سسٹم دیا جائے گا۔ 200یونٹ تک ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 1100واٹ کا سولر سسٹم مفت دیا جائے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سی ایم فری سولر پینل اسکیم کی رجسٹریشن کیلئے پورٹل cmsolarscheme.punjab.gov.pkپر آن لائن اپلائی کیا جاسکتا ہے، پنجاب کے صارفین فری سولر پینل اسکیم کے لیے 8800 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ اقدام انتہائی احسن ہے، اس پر ان کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔ اس اسکیم سے ایک لاکھ صارفین مستفید ہوں گے۔ اُن پر بجلی بلوں کا بھاری بھر کم بوجھ کم ہوگا۔ عوام کا درد اپنے دلوں میں محسوس کرنے والے حکمراں ایسے ہی عوام دوست فیصلے کرتے ہیں۔ دوسرے صوبوں کی حکومتوں کو بھی پنجاب حکومت کے اس اقدام کی تقلید کرتے ہوئے عوام کی اشک شوئی کے لیے ایسے ہی فیصلے کرنے چاہئیں۔