سپریم کورٹ: سانحہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ نے 9 مئی 2023 سانحہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست 10 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان، جسٹس شاہد بلال پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 9 مئی 2023 کو جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔
گزشتہ روز ہی عمران خان نے 13 دسمبر کو پشاور میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے عظیم الشان اجتماع کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر ایوب خان، علی امین گنڈا پور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا اور اسد قیصر پر مشتمل 5 رکنی مذاکراتی ٹیم تشکیل دی ہے۔
عمران خان نے انڈر ٹرائل سیاسی قیدیوں کی رہائی کے علاوہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کمیٹی ان دو نکات پر مذاکرات کے لیے بنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 25 مئی 2023 کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 9 مئی سانحہ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔