سابق پی ٹی آئی رہنما کا نواز شریف کو خط، ’میں آپ سے اپنی گستاخیوں پر معافی مانگتا ہوں‘
تحریک انصاف کے سابق رہنما جاوید بدر نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ایک کھلے خط کے ذریعے معافی مانگ لی ہے۔
جاوید بدر نے خط میں کہا ہے کہ ”میں آپ سے اپنی گستاخیوں، الزام تراشی، اور جھوٹے پروپیگنڈے کرنے پر معافی مانگتا ہوں۔“ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نواز شریف ان کی غلطیوں کو ماضی کی جہالت اور نادانی سمجھ کر معاف کریں گے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ”یہ خط کسی دباؤ اور لالچ کے بغیر صرف آخرت کے خوف اور ضمیر کی آواز پر لکھا گیا ہے۔“
جاوید بدر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 10 سال سے زائد عرصہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں کی غلط سیاسی تربیت کی، اور اس کے لیے ان بچوں کے والدین اور پوری قوم سے بھی معافی مانگی۔
انہوں نے نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے اور انہیں جیل میں رکھنے پر بھی بات کی اور کہا کہ ”اللّٰہ تعالیٰ کا انصاف برحق ہے، آپ کو دوبارہ عزت و مقام ملا ہے۔“
جاوید بدر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت نے سیاست میں زہر گھولا اور نوجوانوں کے ذہنوں میں انتشار بھرا، جس کا خمیازہ کئی سال تک بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بانیٔ پی ٹی آئی کو اس وقت چھوڑنے پر مجبور ہوئے جب عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ اور بشریٰ بی بی کو کرپشن کی کھلی اجازت دی گئی۔
خط کے آخر میں جاوید بدر نے نواز شریف اور ان کی ٹیم کو پاکستان میں استحکام پیدا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ”زندگی میں اگر آپ سے کبھی ملاقات ہوئی تو میں اپنی غلطیوں کا اعتراف کروں گا۔“