مزہ آئے گا، یہی سمجھ کر 18 سال کی عمر میں شادی کی
ماڈل، اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک نے کہا ہے کہ انہوں نے محض ساڑھے 18 برس کی عمر میں یہی سوچ کر شادی کی کہ ڈانس تقریبات اور ہنگامے ہوں گے، مزہ آئے گا۔
آمنہ ملک نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مِختلف معاملات پر کھل کر بات کی اور ایک سوال پر اپنی شادی سے متعلق بھی تفصیلات بتائیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کسی چیز کا احساس نہیں تھا، انہوں نے کم عمری میں شادی کی اور رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد ہی انہیں گھر اور دوسری ذمہ داریوں کا علم ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد انہیں پتا چلا کہ وہ بہت سارے کام نہیں کر سکتیں، جیسا کہ شادی کے بعد اگر گھر کی کوئی چیز ختم ہوجاتی تو انہیں وہ لے آنے کی اجازت نہیں ہوتی تھی، اس سے قبل وہ ایسی چیزیں لاتی رہتی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ہی انہیں معلوم ہوا کہ سسرالیوں کی ذمہ داریاں کیا ہوتی ہیں، دوسرے گھرمیں جاکر کیا کا کام کرنا پڑتا ہے اور کس قدر ذمہ دار ہونا پڑتا ہے۔
آمنہ ملک نے کہا کہ انہیں شادی کے بعد یہ احساس ہوا کہ نئے گھر میں لوگ بھی آئیں گے، ان سے ملنا بھی ہوگا، ان کی باتیں بھی سننی پڑیں گی اور انہیں بتانا اور سمجھانا بھی پڑے گا۔
اداکارہ کے مطابق شادی سے قبل انہیں کسی طرح کی کوئی سمجھ نہیں تھی، انہوں نے محض ساڑھے 18 سال کی عمر میں شادی کی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے ان کا خیال تھا کہ شادی کا مطلب، ڈانس، مہندی تقریبات اور لوگوں و رشتے داروں کا ایک جگہ مل کر خوشیاں منانا ہوتا ہے لیکن شادی کے بعد انہیں پتا چلا کہ شادی کا اصل مطلب دوسرا ہوتا ہے۔
آمنہ ملک کے مطابق شادی کے چند دن بعد جب تقریبات ختم ہوئیں اور ہر کوئی اپنے اپنے کام میں لگ گیا، تب انہیں محسوس ہونا شروع ہوا کہ شادی کا اصل مطلب کیا ہوتا ہے؟ اور اس میں کتنی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔