سپیشل رپورٹ

اسرائیل کے غزہ میں مظالم جاری، پناہ گزین کیمپوں پر حملے میں 25 فلسطینی شہید

اسرائیلی فورسز کی جانب سے پہلے محفوظ قرار دیئے جانے والے المواسی کیمپ پر ڈرون حملے سمیت غزہ کے مختلف علاقوں میں جاری جارحیت کے نتیجے میں 25 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق پیر کی رات اسرائیلی فورسز نے المواسی میں پناہ گزین کے لیے عارضی طور پر بنائے گئے ایک کیفے ٹیریا کو نشانہ بنایا۔

ہسپتال میں موجود حکام کے مطابق حملے میں 2 بچوں سمیت کم از کم 11 افراد شہید ہوئے، جائے وقوعہ کی ویڈیو میں ملبے میں پڑی کرسیوں اور میزوں کے درمیان زخمیوں کو نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری طرف شمالی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں بیت ہانون کے پناہ گزین کیمپوں اور شیلٹرز سے فلسطینی نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

النصر ہسپتال کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فورسز کے گاڑیوں پر فضائی حملے سے 11 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

العودہ ہسپتال کے مطابق منگل کی صبح وسطی غزہ میں قائم نصیرات پناہ گزین کے کیمپ میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد شہید جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے۔

7 اکتوبر 2023 کے بعد سے وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 43 ہزار 665 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 3 ہزار 76 زخمی ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button