عمران خان آئندہ چند روز میں مارچ کی تاریخ دیں گے: پاکستان تحریکِ انصاف
پاکستان تحریکِ انصاف کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان آئندہ چند روز تک مکمل تیاری کے ساتھ مارچ کی تاریخ دیں گے۔
سابق وزیراعظم کے ایکس ہینڈل سے شئیر کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ ’صوابی جلسے میں ہم نے لائحہ عمل دے دیا ہے۔ اس بار ہمارے لوگ واپس گھروں میں نہیں جائیں گے۔ ہمارا احتجاج آئین، جمہوریت اور آزاد عدلیہ کی بحالی اور ہمارے بے گناہ کارکنان و رہنماؤں کی آزادی تک جاری رہے گا۔‘
اس پیغام کو پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا گیا ہے۔
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے میں ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور تحریک انصاف کے عہدیدار، ممبران اسمبلی، ناظمین، ٹکٹ ہولڈرز، ورکرز اور سپورٹرز کو اپنی تیاری مکمل کرنے اور گراؤنڈ پر موبلائزیشن کے کے لیے کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تاہم نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اڈیالہ جیل حکام اور کمرہ عدالت میں موجود صحافیوں کے مطابق عمران خان نے آج 190 ملین پاؤنڈ مقدمے کی سماعت کے دوران صحافیوں سے کوئی بات چیت نہیں کی۔
یاد رہے اس سے قبل سنیچر کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبی جلسے کے دوران اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم نومبر یعنی رواں ماہ احتجاج کی کال دیں گے۔
صوابی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں عمران خان کا پیغام دے رہا ہوں اور عمران نے حکم دیا ہے کہ نومبر یعنی اسی ماہ عمران خان کال دیں گے اور کال یہ ہو گی کہ جب گھروں سے نکلیں گے تو اگر ہم گھروں میں نہ پہنچیں تو جنازے پڑھ لینا اور ہم تب تک واپس نہیں آئیں گے جب تک عمران کو رہائی نہیں مل جاتی ہے۔‘