پنجاب کےدارالحکومت لاہور کے بعد ملتان میں بھی فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے جہاں رات 10 بجے ایئر کوالٹی انڈیکس 1487 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آرہا ہے جبکہ بھارت سے آنے والی ہوا سے شہر کی فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی تاہم آج ملتان دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے۔
ایئر کوالٹی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ آئی کیو ایئر کے مطابق (9 نومبر) کو رات 10 بجے سے 11 بجے کے دوران ائیر کوالٹی انڈیکس 1487 تک پہنچ گیا جبکہ مہلک آلودگی (پی ایم2.5) کی سطح 821 ریکارڈ کی گئی۔
ملتان کا ایئر انڈیکس جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ایک بجے سے 2 بجے کے درمیان انتہائی بُلند سطح 1914 پر پہنچا تھا۔
ویب سائٹ کے مطابق ملتان میں ڈبلیو ڈبلیو ایف۔ پاکستان ملتان آفس پر ایئر کوالٹی انڈیکس 1822، شمس آباد میں 1487 اور ملتان کنٹونمنٹ میں 1300 ریکارڈ کیا گیا۔
یاد رہے کہ اے کیو آئی فضا میں موجود آلودہ ذرات کے مقدار کی پیمائش کرتا ہے، جن میں باریک ذرات (پی ایم 2.5)، موٹے ذرات (پی ایم 10)، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ (این او 2) اور اوزون (او 3) شامل ہیں، 100 سے زیادہ اے کیو آئی کو ’مضر صحت‘ جب کہ 150 سے زیادہ کو ’بہت زیادہ مضر صحت‘ سمجھا جاتا ہے۔
لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 926 ریکارڈ
دوسری جانب، پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور انتہائی خراب ہے، جہاں 9 سے 10 بجے کے دوران ایئر کوالٹی انڈیکس 926 ریکارڈ کیا گیا۔
ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں جن علاقوں میں سب سے زیادہ ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا، ان میں سینٹر فار اکنامک ریسرچ اِن پاکستان (سی ای آر پی آفس) پر ایک ہزار 95، ڈی ایچ اے فیز 8 میں ایک ہزار 93، غازی روڈ انٹرچیچ پر 975، عسکری 10 پر 954 ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ سید مرتب علی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 933، پاکستان انجینئرنگ سروسز پر 920، امریکی قونصل خانے پر 874، شاہراہ قائد اعظم پر 757 ریکارڈ کیا گیا۔
آئی کیو ایئر کے مطابق راولپنڈی کی صورتحال بھی زیادہ اچھی نہیں ہے، جہاں 9 نومبر کو شام 6 بجے سے 7 بجے کے درمیان ایئر کوالٹی انڈیکس انتہائی مضر صحت سطح 326 پر پہنچا تھا۔