سیاسیات

پی ٹی آئی کے صوابی میں پاور شو کی تیاریاں مکمل، علی گنڈاپور جلسہ گاہ کیلئے روانہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج صوابی میں پاور شو کرے گی۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے بھی ہر صورت جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کوئی رکاوٹ نہیں روک سکتی، میانوالی سے قافلےکی صورت میں جلسہ گاہ میں شرکت کروں گا۔

جلسے کے لیے صوابی ، مردان ،نوشہرہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے ہر رکن اسمبلی کو ایک ہزار کارکن لانے کا ٹاسک دیاگیا جب کہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کو 5، 5سو افراد لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف آج صوابی میں پاور شو کرنے جارہی ہے، جس کے لیے پنڈال سجا دیا گیا ہے اور جلسہ گاہ میں کرسیاں اور لائٹس لگادی گئی ہیں۔ جلسے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنما خطاب کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز نے کہا ہے کہ کچھ لوگ صوابی پہنچ گئے ہیں، کچھ جانے کی تیاری کر رہے ہیں، لاہورکی قیادت آج دوپہر ایک بجے تک ہرصورت صوابی نکلے گی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے صوابی میں جلسے کے معاملے پر پنجاب حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے، راولپنڈی اور اٹک پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس لاہور کی جانب سے چار اضلاع کے ڈی پی اوز سمیت پنجاب کانسٹیبلری اور ہائی وے پیڑولنگ پولیس کی ڈیڑھ ہزار پولیس فورس کو آر پی او راولپنڈی کے حوالے کردیا گیا ہے، سینٹرل پولیس آفس نے فورس کو آر پی او راولپنڈی کی ڈسپوزل دینے کا مراسلہ بھی جاری کردیا
ڈی پی اور اٹک، چکوال، گجرات، منڈی بہاء الدین کو 200، 200 کی نفری کے ساتھ فوری طور پر راولپنڈی رپورٹ کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جب کہ پنجاب کانسٹیبلری کی 500 اور پنجاب ہائی وے پیڑولنگ کی 200 نفری کو بھی راولپنڈی اور اٹک رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام ڈی پی اوز اور فورس آر پی او راولپنڈی کی صوابدید پر منحصر ہوگی، آر پی او یا ان کی جانب سے مجاز آفیسر فورس کی تعیناتی کرسکیں گے۔

مراسلے کے مطابق تمام فورسز فسادات سے نمٹنے کے لیے ضروری آنسو گیس شیلز اور دیگر اینٹی رائیٹ آلات سے لیس ہوں گی، فیول اور فورس کی ٹرانسپورٹیشن، کھانے و رہائش کے انتظامات کی ذمہ داری بھی سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے ذمہ ہوگی۔

راولپنڈی شہر میں بھی 8 سے 10 نومبرتک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت جلسے جلوس، ریلی اور ہر قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلحہ کی نمائش پر بھی سخت پابندی عائد کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button