دنیا

الہان ​​عمر نے اسرائیل کے حامی ریپبلکن امیدوار کو شکست دے دی

امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان ​​عمر نے انتخابات 2024 کے دوران اپنے حریف اسرائیل کی حامی ریپبلکن امیدوار کو باآسانی شکست دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق صومالی نژاد مسلم خاتون کی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ اسرائیل کے حامی گروپوں کی جانب سے گزشتہ اگست میں ہونے والے پرائمری انتخابات میں انہیں ہٹانے کی کوشش کی گئی تھی۔

مینیسوٹا کے پانچویں ضلع کی نمائندگی کرنے والی الہان عمر کے مد مقابل ریپبلکن امیدوار دالیہ العقیدی تھیں جو ایک عراقی نژاد تارک وطن ہیں جو خود کو سیکولر مسلمان کہتی ہیں اور اسرائیل کی حامی ہیں جب کہ ان کے برعکس الہان عمر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی شخصیت ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 87 فیصد ووٹوں کی گنتی کے مطابق الہان عمر نے دالیہ العقیدی کے 23.6 فیصد کے مقابلے میں 76.4 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق الہان عمر نے چوتھی بار رکن کانگریس بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

دوسری جانب ڈیموکریٹک امیدوار راشدہ طلیب بھی مشی گن کی نشست پر کامیاب ہوگئیں، راشدہ طلیب بھی غزہ اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کئی مرتبہ آواز اٹھا چکی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکا کے ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز نے برتری حاصل کرنے کے بعد ڈیموکریٹک رکن الہان عمر کو دو سال پہلے دیے گئے اسرائیل مخالف بیان پر خارجہ امور کمیٹی سے باہر کردیا تھا۔

امریکی ایوان نمائندگان میں اکثریت رکھنے والے ری پبلکن اراکین نے الہان عمر کو ہٹانے کی وجہ 2019 میں دیے گئے ان کا بیان قرار دیا تھا حالانکہ انہوں نے اپنے بیان پر معذرت بھی کرلی تھی۔

صومالی نژاد الہان عمر امریکی ایوان نمائندگان میں واحد افریقی نژاد اور چند مسلمان خواتین میں سے ایک تھیں اور وہ خارجہ امور کے پینل کی ذیلی کمیٹی برائے افریقہ میں ڈیموکریٹک نمائندگی کر رہی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button