سپیشل رپورٹ

بھارت میں کاملا ہیرس کا آبائی گاؤں ان کی جیت کیلئے دعاگو

ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کے آبائی گاؤں (تامل ناڈو، تھولاسیندرا پورم ) کے رہائشی منگل کو واشنگٹن سے 8 ہزار میل (13 ہزار کلومیٹر) دور ایک ہندو مندر میں امریکی انتخاب کے دن پوجا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

کاملا ہیرس کے نانا پی وی گو پالن ایک صدی قبل بھارتی ریاست تمل ناڈو کے ضلع تیروپور کے گاؤں تھولاسیندرا پورم میں پیدا ہوئے تھے۔

کاملا ہیرس کی مرحوم والدہ کی پیدائش بھی بھارت میں ہوئی تھی، وہ 19 سال کی عمر میں کیلیفورنیا میں تعلیم حاصل کرنے کے مقصد سے امریکا منتقل ہوگئی تھیں اور پھر بعد میں ان کی شادی جمیکا کے شہری سے ہوئی اور انہوں نے اپنی لڑکی کا نام کاملا (کمل کا پھول) رکھا۔

تھولاسیندرا پورم میں مندر کے قریب ایک چھوٹی سی دکان چلانے والے دیہاتی نے کہا کہ ’منگل کی صبح مندر میں خصوصی پوجا ہوگی اور اگر کاملا ہیرس جیت جاتی ہیں تو یہاں خوب جشن منایا جائے گا۔‘

مندر کے باہر ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کا بڑے سائز میں بینر بھی لگایا گیا ہے جس میں ’اس سرزمین کی بیٹی‘ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

کاملا کے نانا گوپالن اور ان کا خاندان تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی چلے گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ تک ایک اعلیٰ سرکاری افسر کے طور پر کام کیا۔

تھولاسیندرا پورم نے 4 سال قبل پوری دنیا کی توجہ اس وقت حاصل کی جب یہاں کے رہائشیوں نے 2020 میں کاملا ہیرس کی ڈیموکریٹک پارٹی کی جیت کے لیے دعا کی تھی اور پھر ان کی کامیابی کے بعد بطور نائب صدر حلف برداری کے وقت لوگوں کو کھانا تقسیم کیا اور خوب جشن منایا۔

واضح رہے کہ امریکا میں آج صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدور و موجودہ نائب صدر کاملا ہیرس کا سابق صدر و ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button