جرم کہانی
لاہور: دیرینہ دشمنی پر باپ 2 بیٹوں سمیت قتل، ایک بیٹا زخمی
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ طور پر دیرینہ دشمنی پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے باپ اور 2 بیٹوں کو قتل کردیا جب کہ واقعے میں ایک بیٹا زخمی بھی ہوا۔
تہرے قتل کا واقعہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ کی حدود میں پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق مقتول صفدر اپنے بیٹوں کے ہمراہ رکشے میں سوار ہوکر کسی مقدمے میں پیشی کے لیے سیشن کورٹ جارہا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جب وہ سگیاں پل پر پہنچے تو وہاں پہلے سے گھات لگائے 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں صفدر، بیٹے یاسر اور ناصر نے موقع پر پر دم توڑ دیا، واقعے میں مقتول کا تیسرا بیٹا جعفر بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
لاہور پولیس نے تہرے قتل کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔