پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑا، متعدد زخمی
پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑے میں متعدد طلبہ زخمی ہو گئے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق چند روز قبل دونوں طلبہ تنظیموں کے درمیان ہیلے کالج میں لڑائی ہوئی تھی، جمعہ کو ایک بار پھر ایک تنظیم کے طلبہ نے دوسری تنظیم پر حملہ کیا۔
اس حملے میں متعدد طلبہ زخمی ہوئے۔
پولیس کو طلب کیا گیا تو طلبہ نے ایک پولیس اہلکار کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
ترجمان جامعہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے حالات کنٹرول میں ہیں جبکہ جھگڑے میں ملوث طلبہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اکتوبر کو پنجاب یونیورسٹی میں پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی یو ایس ایف) اور یونیورسٹی کے گارڈز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد گارڈز زخمی ہوگئے تھے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی یو ایس ایف) نے ایک رات قبل 2 گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر گارڈز نے طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا تھا، اگلے روز وہی گارڈز دوبارہ طلبہ کے ہتھےچڑھ گئے جس پر تلخ کلامی کے بعد طلبہ نے گارڈز کو شدید زد و کوب کیا۔
اس دوران طلبہ نے سیکیورٹی گارڈز پر پتھراؤ کیا اور شیشے کی بوتلیں ماریں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کو طلب کرلیا تھا، تاہم اس موقع پر ایس ایچ او مسلم ٹاؤن انسپکٹر عاطف بھی شیشے کی بوتل لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔