عمران سے ملاقات میں کہا گیا سیاست پر بات نا کریں، تو کیا ہم موسم پر بات کریں؟ اسد قیصر
پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے گئے تو کہا گیا کہ سیاست پر بات نا کریں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ کل ہم عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گئے لیکن ہماری توہین کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ سیاسی بات نہیں کریں گے، ہم نے کہا کہ کیا ہم عمران خان سے موسم پر بات کریں؟ یہ ہماری نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی توہین کی گئی۔
سابق اسپیکر کہنا تھا کہ مریم نواز نے بھارتی پنجاب سے مل کر بات کرنے کی بات کی جس طرح مریم نواز نے بات کی اسی طرح علی امین گنڈا پور نے بھی بات کی تھی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغانستان سے بات چیت کا کہا تو شور مچایا گیا، معیار سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔
واضح رہے گزشتہ روز تحریک انصاف کا وفد عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گیا تھا مگر انہیں ملاقات کی اجازت نا مل سکی۔