آئی پی ایل: کوہلی، روہت اور پانڈیا کو فرنچائزز نے کتنے کروڑ میں ریٹین کیا؟
انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کا میگا ایونٹ تو اگلے برس مارچ میں شروع ہونا ہے لیکن اس سے قبل فرنچائزز کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے کوشاں ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل 2025 کے کھلاڑیوں کیلئے کی جانیوالی بڑی نیلامی رواں ماہ یا اگلے ماہ دسمبر تک متوقع ہے لیکن گزشتہ روز آئی پی ایل کی تمام فرنچائزز نے اپنے برقرار ((retained ) رکھے جانیوالے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی ہے۔
10 فرنچائزز کی برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی، روہت شرما اور ہاردک پانڈیا کا نام بھی شامل ہیں
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہےکہ آئی پی ایل کی فرنچائز ممبئی انڈینز نے ہاردک پانڈیا کو ٹیم میں برقرار رکھنے کیلئے 16 کروڑ 35 لاکھ روپے اور روہت شرما کو برقرار رکھنے کیلئے 16 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ کیے جب کہ ممبئی انڈینز کے کپتان اس بار بھی ہاردک پانڈیا ہی ہوں گے۔
دوسری جانب آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) کے برقرار رکھے جانے کھلاڑیوں کی فہرست میں اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی شامل ہیں جن کیلئے فرنچائز 21کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کرے گی۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی 2008 میں آئی پی ایل کے آغاز کے بعد سے ہی رائل چیلنجرز بنگلور سے وابستہ ہیں۔
حال ہی میں بی سی سی آئی نے فرنچائزز کیلئے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے حوالے سے نئے قواعد جاری کیے ہیں جس کے تحت ایک فرنچائز زیادہ سے زیادہ 6 کھلاڑیوں کو ہی برقرار رکھ سکتی ہے