مخالفین اعتراف کررہے ہیں ن لیگ کی ہوا چل پڑی
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین اعتراف کررہے ہیں ن لیگ کی ہوا چل پڑی۔
رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں کسانوں کو زرعی مشین سپر سیڈر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب بھرکے کسانوں کو 5 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپرسیڈر فراہم کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، کیونکہ اس سے فصلوں کی باقیات جلانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کا راستہ کھیتوں سے ہوکر گزرتا ہے، کسان میرے دل کے بہت قریب ہیں، گرین ٹریکٹر کی فراہمی کے لیے کل پہلی قرعہ اندازی ہوگی جس کے لیے 16 لاکھ درخواستیں آچکی ہیں، زراعت ایسا شعبہ ہے جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اس حوالے سے میری زراعت کی ٹیم مجھ سے ایک قدم آگے چل رہی ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اسموگ ایک اژدھا ہے جو ہر سال اٹھ رہا ہے، جس کے باعث کئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں، اسموگ کا مسئلہ حل کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے، اسموگ کے خاتمے کیلئے بھارتی پنجاب ہمارے اقدامات پر عمل کرے تو دونوں کے عوام کیلئے بہتری ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ پنجاب میں فتنہ فساد کرنے کی سازش کی گئی، حکومت اور کسانوں کو لڑانے کی کوششیں کی گئیں، لیکن ہم نے اپنی کارکردگی اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی، لہذا مخالفین بھی اب اعتراف کررہے ہیں کہ ن لیگ کی ہوا چل پڑی، کارکردگی میں (ن) لیگ کا پلڑہ پہلے بھی بھاری تھا اور آئندہ بھی بھاری رہےگا۔