دنیا کی سب سے موٹی بلی وزن کم کرنے کے دوران چل بسی
دنیا کی سب سے موٹی بلی اپنا وزن کم کرنے کے دوران چل بسی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس سے تعلق رکھنے والی اس بلی کا نام کروشیک تھا جسے دنیا کی بھاری بھرکم بلی قرار دیا گیا تھا۔
کروشیک نامی اس بلی کو روس کے ایک اسپتال کے تہہ خانے سے ریسکیو کیا گیا تھا جہاں یہ بلی اسکریپ، بسکٹ اور سوپ کھا پی کر مزے کررہی تھی۔
زیادہ کھانے پینے کی وجہ سے اس بلی کا وزن 38 پاؤنڈ ہوگیا تھا جس کے سبب اسے چلنے پھرنے میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بلی کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے وزن کم کرنے کے مرکز میں داخل کیا گیا جہاں اس سے ورزش کروائی جاتی تھی۔
بلی کا وزن کم کرنے کیلئے ورزش کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ اچانک اس کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی جسے ضروری طبی امداد بھی دی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔
اس حوالے سے جانوروں کے ڈاکٹرز نے کہا کہ بلی کے جسم میں کینسر کی رسولی تھی لیکن اس میں چربی کی بہت موٹی تہہ ہونے کی وجہ سے مرض وقت پر پکڑ میں نہ آسکا۔