سلمان بے قصور ہے‘ سلیم خان کے بیان پر بشنوئی کمیونٹی کا سڑکوں پر احتجاج، اداکار کا پتلا نذرآتش
بھارتی شہر جے پور میں بدنام زمانہ گینگ لارنس بشنوئی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سپر اسٹار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کے پتلے نذر آتش کر دیے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سلیم خان نے بیٹے سلمان خان پر کالے ہرن کے شکار سے متعلق لگائے جانے والے الزامات پر ردعمل میں کہا تھا کہ ’سلمان خان بے قصور ہے، وہ کبھی کسی جانور کو تکلیف نہیں پہنچا سکتا‘۔
اس بیان کے بعد گزشتہ ہفتے بشنوئی گینگ کی جانب سے جے پور میں سلمان خان اور سلیم خان کیخلاف احتجاج دیکھنے میں آیا۔ احتجاج کے شرکا کا کہنا تھا کہ’ہم بشنوئی ہیں، ہم کسی کو ایسے ہی بدنام نہیں کرتے، 26 سال پہلے جب مقدمہ درج ہوا تو اس وقت بشنوئی برادری کے ایم ایل اے سمیت کئی معززین بھی موجود تھے، سلیم خان جھوٹے بیانات دے کر لوگوں کو گمراہ نہیں کر سکتے‘۔
بشنوئی کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ ’سلیم خان کے بیان سے کمیونٹی کو تکلیف پہنچی، ہم کالے ہرن کیس میں انصاف کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور سڑکوں پر آکر احتجاج بھی کریں گے‘۔
کالے ہرن کا شکار اور سلمان خان کی لارنس بشنوئی گینگ سے دشمنیاں
واضح رہے کہ سلمان خان پر 1998 میں بالی وڈ کی کامیاب ترین فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں 2 نایاب کالے ہرنوں کے شکار کا الزام ہے۔
سلمان خان سمیت سیف علی خان اور تبو پر بھی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کا شکار کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جس کے بعد سے سلمان خان کو بشنوئی گینگ اور ان کے افراد کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے۔
لارنس بشنوئی کمیونٹی کالے ہرن کو مقدس مانتی ہے، بنیادی طور پر یہ لوگ سبزی خور ہیں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی دے سکتے ہیں لہٰذا اس واقعے نے سلمان خان اور بشنوئی کمیونٹی کے درمیان دشمنی کو جنم دیا۔
بعد ازاں 2008میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سلمان خان کالے ہرن کے شکار کے الزام کی تردید کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود سلمان خان کو کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے مبینہ کیس میں گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
گزشتہ 26 سالوں کے دوران سلمان کے خلاف یہ کیس کئی بار بند اور متعدد بار کھولا جاچکا ہے تاہم 2016 میں انہیں اس کیس سے بری کر دیا گیا تھا۔
مزید برآں 2018 میں جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں انہیں ضمانت دے دی گئی لیکن اس کے بعد سے بشنوئی برادری دبنگ اسٹار کی دشمن بنی ہوئی ہے اور لارنس بشنوئی گینگ انہیں مختلف مواقع پر کئی خطرناک دھمکیاں دے چکا ہے۔
لارنس بشنوئی اور ان کا گینگ سلمان خان اور ان کے اہلخانہ کی جانب سے معافی کا خواہشمند ہے، گینگ کا مؤقف ہے کہ سلمان خان ہمارے جذبات سے کھیل رہے ہیں لہٰذا انھیں اور ان کے خاندان کو بشنوئی کمیونٹی سے معافی مانگنی چاہیے‘۔