فن اور فنکار

پاکستانی ماڈل پر مقابلۂ حسن میں بِکنی پہننے پر تنقید

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل روما مائیکل گذشتہ دنوں تھائی لینڈ میں ہونے والے ’مس گرینڈ انٹرنیشنل‘ کے مقابلوں میں حصہ لینے کی دوڑ میں موجود تھیں۔

’مسِ گرینڈ انٹرنیشنل‘ کی ویب سائیٹ کے مطابق اس مقابلے کا فائنل آج (25 اکتوبر) کو ہو گا جبکہ روما مائیکل ’ٹاپ 10‘ شرکا کی فہرست میں موجود نہیں ہیں۔

پاکستان کے سوشل میڈیا پر اُن کا نام ان مقابلوں کے ایک راؤنڈ میں پہنے جانے والے لباس کی وجہ سے زیرِ گردش ہے اور اسی کی وجہ سے انھیں ٹرول کیا جا رہا ہے۔

اس کی ابتدا اُس وقت ہوئی جب روما نے گذشتہ دنوں مقابلے کے ایونٹ ’سوئمنگ کاسٹیوم‘ کے دوران بنائی گئی اپنی ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس میں وہ بِکنی میں ملبوس ہیں اور اپنا تعارف کروا رہی ہیں۔

اس ویڈیو پر تنقید اس حد تک بڑھی کہ انھیں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اسے ڈیلیٹ کرنا پڑا۔

اپنی اُس ویڈیو میں روما مائیکل نے اس راؤنڈ کی مناسبت سے بکنی پہنی ہوئی ہے اور یہی بات سوشل میڈیا پر صارفین کے درمیان موضوع بحث ہے۔

پاکستان جیسے قدامت پسند معاشرے میں مقابلہ حسن کے ان راؤنڈز میں حصہ لینا کبھی بھی آسان نہیں رہا ہے۔ ابھی پچھلے سال کی ہی بات ہے جب ایریکا رابن نے مس یونیورس کے مقابلے میں حصہ لیا اور اُن پر ہونے والی تنقید میں صرف سوشل میڈیا صارفین ہی نہیں بلکہ بعض پاکستانی سیاستدان بھی شامل رہے تھے۔ یہ تنقید کے جواب میں ایریکا نے کہا کہ ’مجھے پاکستان کی نمائندگی کر کے انتہائی خوشی ملی لیکن مجھے سمجھ نہیں آئی کہ اتنا شدید ردعمل کہاں سے اور کیوں آ رہا ہے۔‘

یاد رہے کہ مس گرینڈ انٹرنیشنل کے مقابلے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ہو رہے ہیں۔ مس گرینڈ انٹرنیشنل بیوٹی مقابلہ کا تاج ’گولڈن کراؤن‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اس مقابلے میں دنیا بھر سے شریک خواتین میں سے کس کے سر پر ’مس گرینڈ‘ کا تاج سجے کا اس کا فیصلہ آج ( 25 اکتوبر) فائنل راؤنڈ میں ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button