ناسا کا شدید شمسی طوفانوں کا انتباہ، کیا ہفتوں انٹرنیٹ کے بغیر رہا جا سکے گا؟
امریکی خلائی ایجنسی "ناسا” کی زمین سے ٹکرانے والے طاقتور شمسی طوفانوں کی پیش گوئیوں کے بارے میں بات پھیلنے کی وجہ سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گزشتہ چند دنوں سے خوف و ہراس پھیل گیا اور ایک تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ پیش گوئیوں کے مطابق شمسی طوفانوں کے باعث انٹرنیٹ ہفتوں تک کے لیے بند ہوسکتاہے۔
ناسا کے انتباہ کے مطابق شدید شمسی طوفان پوری دنیا سے ہفتوں تک انٹرنیٹ منقطع ہونے کا باعث بن سکتے ہیں۔ ہر 11 سال بعد ہمارا سورج ایک انتشار والی گیند میں بدل جاتا ہے جو زمین کی طرف توانائی کی بہت بڑی لہر چھوڑتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق اس سے جہاں ارورہ دیکھنے کے امکانات بڑھ جائیں گے وہیں عالمی سطح پر انٹرنیٹ کی بندش کا امکان بڑھ جائے گا۔
برطانوی اخبار "ڈیلی میل” کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے وضاحت کی ہے کہ اس سے زمین کے گرد گردش کرنے والے انٹرنیٹ اور جی پی ایس سیٹلائٹس میں خلل پڑ سکتا ہے۔ یہ بندش ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
اس دوران خلائی موسم کی سب سے طاقتور شکلیں، جنہیں عام طور پر شمسی طوفان کہا جاتا ہے ہونے کی توقع ہے۔ اگرچہ شمسی طوفان انسانوں کے لیے خطرناک نہیں ہیں لیکن وہ مدار میں موجود سیٹلائٹس کے ساتھ ساتھ زمین پر برقی گرڈ کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔
یہاں ہر کسی کے ذہن میں یہ سوال آتا ہے کہ انسان زمین پر انٹرنیٹ کے بغیر ہفتوں یا دن یا چند گھنٹے کیسے رہ سکتا ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ شمسی طوفان بہت زیادہ تھرمل اور تابکاری توانائی پیدا کرتا ہے جو درحقیقت انٹرنیٹ خدمات میں خلل ڈال سکتا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شمسی طوفان جی پی ایس جیسے مواصلات کے لیے ذمہ دار سیٹلائٹس میں خلل ڈالتے ہیں اور کچھ علاقوں میں بجلی کی بندش کا بھی سبب بنتے ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق شدید شمسی طوفان بعض اوقات کم مدار میں زمین کے گرد چکر لگانے والے مصنوعی سیاروں کے تباہ کن مداری انحطاط کا باعث بن سکتے ہیں اور سیٹلائٹ پر مبنی خدمات جیسے مواصلات اور نیویگیشن نیٹ ورکس میں خلل ڈال سکتے ہیں۔
ارون میں کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ایک سائنسدان کی شائع کردہ 2021 کی ایک تحقیق میں پتا چلا ہے کہ دنیا کے سب میرین کمیونیکیشن کیبلز کے بڑے نیٹ ورک میں کمزوریوں کی وجہ سے شدید شمسی طوفان کے نتیجے میں انٹرنیٹ ہفتوں تک بند رہ سکتا ہے۔
شدید شمسی طوفانوں کی وجہ سے برقی مقناطیسی اتار چڑھاو براہ راست فائبر آپٹک کیبلز کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ یہ کیبلز انٹرنیٹ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں تاہم ان طوفانوں میں سب میرین کیبلز کے ساتھ پھیلے ہوئے سگنل بوسٹرز کو نکالنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ سگنل بوسٹر بڑے فاصلے پر مواصلات کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔