موجودہ حکومت کے ابتدائی 6ماہ کے دوران قرضوں میں 5ہزار 552ارب روپے کا اضافہ
شہباز شریف حکومت نے ابتدائی چھ ماہ میں قرضوں کے معاملے میں نگران حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے 6 ماہ میں نگران حکومت کی جانب سے لیے گئے قرض کے مقابلے میں 561 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
نگران حکومت کے مقابلے میں موجودہ دور حکومت میں قرضوں کی رقم میں 561 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق مارچ سے اگست 2024 کے دوران وفاقی حکومت کا قرضہ5ہزار552ارب روپے بڑھا جس کے بعد اگست 2024 تک وفاقی حکومت کا قرضہ 70ہزار 362ارب روپے تک پہنچ گیا تھا۔
اس سے قبل ستمبر 2023 سے فروری2024کےدوران نگران دور حکومت کے 6 ماہ میں وفاقی حکومت کے قرضے میں 840 ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
اس طرح فروری2024 میں وفاقی حکومت کا قرضہ 64ہزار810ارب روپے تھا جس میں اگلے چھ ماہ کے عرصے میں کئی سو گنا اضافہ دیکھا گیا۔
اس سے قبل اگست 2023 میں وفاقی حکومت کا قرضہ 63 ہزار 970ارب روپے تھا۔