اسرائیلی حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حملےمیں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی میڈیا پر اسرائیلی حکام سے متعلق یحییٰ سنوار کی شہادت کی خبریں نشر کی جارہی ہیں۔
اسرائیل کے سرکاری ریڈیو سے بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار اسرائیلی کارروائی میں شہید ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کو شہید کیے جانے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ وہ اس امکان کی جانچ کر رہی ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں ایک کارروائی کے بعد حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کو ہلاک کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائی میں تین عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیاہے کہ اس مرحلے پر تینوں افراد کی شناخت کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جس عمارت میں تین افراد کو نشانہ بنایا گیا اس میں یرغمالیوں کے موجود ہونے کے کوئی آثار نہیں ملے ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان نہیں دیا گیا۔
اسرائیل کے آرمی ریڈیو کی جانب سے کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس میں تین افراد کو ہلاک کیا گیا اور اسرائیلی فوج نے ان کی لاشیں اپنے قبضے میں لے لیں۔
آرمی ریڈیو کے مطابق بظاہر ان 3 میں سے ایک شخص کے بارے میں یحییٰ سنوار ہونے کا گمان کیا جارہا ہے اور اس کی تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
یحییٰ سنوار کو ایرانی دارالحکومت تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس کا سربراہ بنایا گیا تھا