اسرائیلی افواج نے بلیو لائن کو عبور کیا اور مرکزی بیس گیٹ کو ’تباہ‘ کیا، یونیفل

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ صہیونی فورسز کی تین پلاٹونوں کے بلیو لائن کو عبور کرنے کے بعد اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی لبنان میں اس کی امن فوج کے مرکزی بیس گیٹ کو تباہ کیا۔
اقوام متحدہ کے امن دستوں نے ایک بیان میں کہا کہ صبح 4 بج کر 30 منٹ پر اسرائیلی فوج کے دو ٹینک ان کے مرکزی دروازے کو ’تباہ‘ کرتے ہوئے زبردستی اندر اس داخل ہوئے جب امن دستوں کے فوجی سو رہے تھے۔
لبنان میں اقوام متحدہ کی امن افواج ’یونیفل‘ نے مزید کہا کہ ’اسرائیلی فوجیوں کی موجودگی ہمارے امن فوجیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، ہمارے رابطے کے طریقہ کار کے ذریعے احتجاج کرنے کے تقریباً 45 منٹ بعد اسرائیلی ٹینک وہاں سے چلے گئے۔‘
رپورٹ کے مطابق صبح 6 بج کر 40 منٹ پر امن دستوں نے اطلاع دی کہ ان کی رہائش سے تقریباً 100 میٹر شمال میں کئی راؤنڈ فائر کیے گئے جو بظاہر کسی قسم کے کیمیکل ایجنٹ کے ساتھ حملہ تھا۔
حفاظتی ماسک پہننے کے باوجود کیمپ میں دھواں داخل ہونے کے بعد 15 امن فوجیوں کو جلد کی جلن اور معدے کے مسائل سمیت مختلف اثرات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ امن دستوں کے فوجیوں کا علاج جاری ہے۔