سیاسیات

پی ٹی آئی کا کل مینارِ پاکستان پر احتجاج کا اعلان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے ہفتے کے روز لاہور میں مینارِ پاکستان کے مقام پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’اہلیانِ لاہور کل باہر نکلیں گے اور اس ملک میں بےشرم فسطائیت کے خاتمے اور آزاد عدالتوں کی خاطر عوامی طاقت کا پُرامن مظاہرہ کریں گے۔‘

خیال رہے اس سے قبل پی ٹی آئی نے 5 اکتوبر کو لاہور میں مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں احتجاج کی کال دی تھی۔

پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت چار شہروں میں دفعہ 144 نافذ کی ہے اور سکیورٹی سخت کرتے ہوئے رینجرز کے نیم فوجی دستوں کو طلب کر لیا ہے۔

پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، یعنی ان شہروں میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔ حکام کے مطابق اس کی خلاف ورزی پر پولیس یا دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کر سکیں گے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق راولپنڈی اور اٹک میں چار اور پانچ اکتوبر کے لیے رینجرز کی چھ کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں ہیں۔ اٹک میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی 10 پلاٹون بھی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button