کوئی مظاہرہ کرے گا تو نرمی نہیں برتی جائے گی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سربراہ کی دارالحکومت میں موجودگی میں احتجاج مناسب نہیں ہے، پی ٹی آئی احتجاج کی کال پر نظر ثانی کرے، کوئی مظاہرہ کرے گا تو نرمی نہیں برتی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کی کامیابی ہر پاکستانی کی کامیابی ہے، سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں اہم نوعیت کی بین الاقوامی تقاریب ہورہی ہیں، تحریک انصاف کی طرف سے کل احتجاج کی کال دی گئی ہے، اسلام آباد انتظامیہ نے جلسے کے لیے جگہ مختص کررکھی ہے، جب کوئی غیر ملکی سربراہ آپ کے دارالحکومت میں ہو تو اس طرح کا احتجاج مناسب نہیں ہے، تحریک انصاف کی قیادت کو احتجاج کی کال پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلے ہی دفعہ 144نافذ ہے، احتجاج پاکستان کی عزت کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے، اگر کل کوئی احتجاج کرے گا توکسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، ہمیں سیکیورٹی انتظامات دیکھنے ہیں، اس لیے کوئی نرمی نہیں برتیں گے، سختی کریں گے، سختی پھر سختی ہے، کسی کو اچھا لگے یا نہیں، کسی ملک کے وزیراعظم کی موجودگی میں ہم ایسی کوئی چیز یہاں برداشت نہیں کرسکتے، ہم ان کو روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔