دلجیت کے ’دلومیناتی ٹور‘ میں پاکستانی رنگ چھا گئے

ہپ ہاپ پنجابی گانوں کے سبب دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ’دلومیناتی ٹور‘ کے دوران پاکستانی رنگ چھا گئے۔
ان دنوں بھارتی گلوکار اپنے ’دلومیناتی ٹور‘ نامی کنسرٹ کے سلسلے میں پیرس و برطانیہ کے مختلف شہروں میں پرفارم کر رہے ہیں۔
چند دن قبل اداکار دلجیت دوسانجھ نے پیرس میں منعقدہ ایک کنسرٹ میں پرفارم کیا، جہاں دیگر ممالک کی طرح پاکستانی شائقین قومی پرچم کے ہمراہ موجود تھے
دورانِ کنسرٹ گلوکار پاکستانی پرچم دیکھتے ہی محبت کے سفیر بن گئے، کنسرٹ درمیان میں ہی رُک کر کہا کہ ایک جانب بھارتی پرچم تو دوسری جانب پاکستانی پرچم لیے فینز موجود ہیں، سب کو خوش آمدید، پنجابیوں کے دل میں ہر ایک کے لیے جگہ ہے، یہ سرحدیں سیاست دانوں نے بنائی ہیں، ہمارا فرض ہے کہ پیار و محبت پھلائیں، نفرت نہ پھلائیں۔
گلوکار نے کہا کہ میرے دل میں سب کے لیے بہت پیار ہے، چاہے آپ پاکستان سے ہوں یا بھارت سے۔
دورانِ کنسرٹ انہوں نے حسبِ روایت پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور کا گانا ’گھر آ جا سونیا‘ پرفارم کیا تو شائقین جھوم اُٹھے۔
’دلومیناتی ٹور‘ کے دوران حالیہ کنسرٹ برطانوی شہر منچسٹر میں منعقد ہوا، جہاں دلجیت نے اپنی ایک مداح کو اسٹیج پر بلایا، تحفہ دیا، پھر پوچھا، آپ کہاں سے ہیں؟ خاتون مداح کے منہ سے پاکستان کا نام نکلتے ہی دلجیت نے پاکستانیوں کے لیے اپنا پیار بھرا دل کھول کر رکھ دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں سال مئی میں ’دلومیناتی ٹور‘ کے دوران دلجیت نے امریکی شہر ڈیلس میں پرفارمنس کے دوران پاکستانی گلوکار عارف لوہار کا جگنی بھی پیش کی تھی
واضح رہے کہ بھارتی شہر جالندھر سے 2002ء میں اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے دلجیت دوسانجھ کا شمار، آج بڑے پنجابی سپر اسٹارز میں ہوتا ہے، وہ ناصرف گلوکاری میں چھا گئے ہیں بلکہ اداکاری میں بھی بہت سوں کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں