پاکستان

لیفٹیننٹ کرنل خالد امیر اور ان کے رشتہ دار بحفاظت گھر واپس پہنچ گئے

پاک فوج کے اغوا ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد امیر اور ان کے 3 رشتہ دار بحفاظت گھر واپس پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد امیر اور ان کے 3 رشتہ داروں کو رہا کرا لیا گیا ہے اور لیفٹیننٹ کرنل خالد امیر اور ان کے رشتہ دار بحفاظت گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ مغویوں کی رہائی کے لیے قبائلی عمائدین نے کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ 28 اگست کو ضلع ڈیرہ اسمعیل خان میں اپنے والد کی وفات پر لوگوں سے ملاقات کرنے کے دوران ایک سینئر فوجی افسر کو ان کے دو بھائیوں سمیت مشتبہ دہشتگردوں نے اغوا کرلیا تھا، پولیس نے واقعے کی تصدیق کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آرمی افسر اور ان کے دو بھائی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ملازم ہیں، تینوں ڈیرہ اسمعٰیل خان کی تحصیل کولاچی کے محلے خادر خیل کی مسجد میں موجود تھے، جہاں شہری ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کے لیے آرہے تھے کہ اسی دوران اسلحے کے زور پر مشتبہ عسکریت پسندوں نے انہیں اغوا کیا۔

تینوں افسران والد کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے آبائی علاقے پہنچے تھے، جو 27 اگست کو ادا کی گئی تھی۔

30 اگست کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ڈیرہ اسمٰعیل خان سے اغوا کیے گئے اعلیٰ فوجی افسر سمیت 2 افراد کی ویڈیوز جاری کی تھیں۔

جواب دیں

Back to top button