کویتی دلہن نے شادی کے 3 منٹ بعد طلاق لے لی، آخر کیوں؟
نوبیاہتا کویتی جوڑے نے شادی کے صرف 3 منٹ بعد ہی طلاق لے لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاریخی، انوکھی و مختصر شادی 2019 میں کویت میں ہوئی تھی، تاہم یہ واقعہ ان دنوں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن نے شادی کے بعد صرف 3 منٹ میں دولہا کی نظروں میں اپنی اہمیت جان کر طلاق کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کی تاریخ کی مختصر ترین شادی کویتی عدالت میں ہوئی تھی، جب جج نے اس جوڑے کے نکاح کی کارروائی پوری کی، نکاح کے بعد یہ جوڑا عدالت سے باہر نکل ہی رہا تھا کہ دلہن پھسل گئی۔
اسی اثنا میں دولہا نے اپنی نئی نویلی دلہن کی مدد کرنے کے بجائے اس کا مذاق اُڑاتے ہوئے اسے بیوقوف کہہ دیا، جس پر دلہن نے آو دیکھا نَہ تاؤ نکاح کے 3 منٹ کے اندر اندر اسی جج کے پاس جاکر طلاق کا مطالبہ کردیا۔
نکاح پڑھوانے والے اسی جج نے دلہن کی درخواست پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے ان کی شادی فوراً منسوخ کردی اور یوں یہ شادی ملک کی تاریخ کی مختصر ترین شادی بن گئی۔
سوشل میڈیا پر یہ واقعہ گردش کرتے ہی صارفین دلہن کی حمایت میں سامنے آگئے اور کہا کہ اس نے درست فیصلہ کیا جو شخص شروع میں اس طرح کرتا ہے، تو اسے چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔