بالوں کو رنگ کرانے بیوٹی پارلز آنے والی ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ؟ واقعہ کی تفصیلات جانیے
ڈیفنس بدر کمرشل میں محکمہ ریونیو میں تعینات خاتون ڈپٹی کمشنر اور بیوٹی پارلر کے عملے میں بالوں کے رنگ کی پیکنگ نہ دکھانے پر جھگڑا ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس بدرکمرشل میں بیوٹی پارلر کے عملے اور محکمہ ریونیو میں تعینات خاتون ڈپٹی کمشنر کے درمیان جھگڑے کے دروان بیوٹی پارلر کے مالک کی فائرنگ سے خاتون ڈپٹی کمشنر سنیا شیخ کے بھائی کا سکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔
واقعہ کا مقدمہ سنیا شیخ کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا جس کے بعد بیوٹی پارلر کے مالک بلال صدیقی کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ 3 روز قبل پیش آیا، خاتون ڈپٹی کمشنر بیوٹی پارلر میں بالوں کو رنگ کرانے آئی تھی، سنیا شیخ نے بیوٹی پارلر اسٹاف سے کہا جو کلر آپ بالوں کو کررہے ہیں اس کی پیکنگ دکھائیں، بالوں کے کلر کی پیکنگ نہ دکھانے پر تلخ کلامی ہوئی۔
مقدمے کے متن میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بیوٹی پارلر میں میری لیڈیز اسٹاف سے تلخ کلامی ہوئی، پارلر کا مالک آیا اور کہا ان کو دھکے دے کر باہر نکالو،میں نے 15پر فون کرکے پولیس منگوائی۔
متن کے مطابق پولیس نے دونوں پارٹیوں کو تھانے چلنے کا کہا،کچھ دیر میں میری بہنیں بھی پارلر میں آگئیں، میری بہنوں نے باہر جاکر بھائی کو بتایا کہ لیڈیز پارلر میں مرد بھی بیٹھے ہیں،میرے بھائی نے پولیس کو بتایا جس پر پولیس نے سب مردوں کو باہر نکال دیا۔
متن کے مطابق خاتون ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ میرا بھائی فرحان شیخ اپنے 2گارڈز کے ساتھ ہم بہنوں کو دیکھنے اندر آیا، بیوٹی پارلر مالک نے فائرنگ کرکے سکیورٹی گارڈ کو زخمی کردیا،سکیورٹی گارڈ نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔